سیدنا امیر معاویہ ؓ اسلامی تاریخ کی عظیم الشان شخصیت ہیں،علماء مشایخ
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
کراچی (سماجی رپورٹر) فاتح عرب و عجم سیدنا معاویہ بن ابو سفیان رضی اللہ عنہ اسلامی تاریخ کی عظیم الشان اور جلیل القدر شخصیت ہیں۔ قبول اسلام کے بعد انہیں لسان نبوت سے ہادی و مہدی کا لقب ملا اور وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتبین وحی میں شمار کیے گئے،ان الفاظ کا اعادہ ملک بھر کے علماء و مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئر مین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹانے یو ایم ایف پی کے زیراہتمام مرکزی سیکریٹریٹ میںصحابی ابنِ صحابی حضرت سیّدُنا امیر معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہما کے22رجب کو یوم وصال کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب میں کیا،اجتماع سے علامہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری ، پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی،پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید سہروردی،پروفیسر ڈاکٹرمہربان نقشبندی ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، پیر سیدارشد حسین اشرفی،صوفی سید مسرورہاشمی خانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ ضیاء الدین،پر و فیسر علامہ ڈاکٹر محمود عالم خرم آسی جہانگیری،مولانا سلمان بٹلہ نے بھی خطاب کیا، پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے کہا کہسیدنا امیر معاویہ ؓ کو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی دعاوں سے نوازا، اور انہیں یہ بھی فرمایا کہ اگر مسلمانوں کے امور تمھارے سپرد کیے گئے تو اللہ سے ڈرنا اور عدل سے کام لینا۔
حضرت ابوبکر و عمر اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم کے دور میں جنگ و امن کے ہرموقع پر وہ تمام خدمات انجام دیں جو سیکرٹریٹ خلافت سے ان کے سپرد کی گئیں۔ کسی بھی حکمران کے لیے سب سے اہم بات رعایا کی خبر گیری اور ان کی ضروریات کو منظم طور پر پورا کرنا ہوتا ہے۔حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے رعایا کی خبر گیری کا پورا نظام مقرر کیا ہوا تھا،20سال صوبہ شام کے گورنر رہے اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد خلیفہ خامس سیدنا حسن رضی اللہ عنہ نے ایک صلح کے ذریعے امر خلافت ان کے سپرد کر دیا، پھر بیس سال انہوں نے خلافت کی ذمہ داری عدل و انصاف کے ساتھ نبھائی۔انہوںنے کہا کہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک جلیل القدر فرماں روا، قابل سپہ سالار اور میدان سیاست کے دھنی تھے۔آپ کا دور غلبہ اسلام اور فتوحات کا عظیم دور تھا۔ اس پر بروکلمن، سائیکس،نکلسن اور سر ولیم میور جیسے مستشرقین بھی اسلام کی عظمت رفتہ اور آپ کے تدبر و سیاست پر رطب اللسان نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں کئی اصلاحات متعارف کروائیں اسلامی بحریہ قائم کی۔تجارت کے فروغ کے لیے آپ نے بیت المال سے بغیر نفع اور سود کے قرضے جاری کیے اور اس کے لیے بین الاقوامی معاہدے کئے۔ انتظامیہ کو منظم کیا اور اسے عدلیہ میں مداخلت سے روکنے کا حکم جاری کیا۔.
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پروفیسر ڈاکٹر رضی اللہ عنہ امیر معاویہ
پڑھیں:
وقف ترمیمی قانون پر عبوری ریلیف بنیادی مسائل کا حل نہیں ہے، علماء
متحدہ مجلس علماء نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وقف محض جائیداد کا معاملہ نہیں بلکہ ایک دینی امانت اور اللہ کی راہ میں خدمت خلق کا ذریعہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم متحدہ مجلس علماء نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے وقف ترمیمی قانون پر عبوری حکم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ بعض دفعات کو معطل کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے آئینی اور مذہبی خدشات جوں کے توں برقرار ہیں، جس نے ملت کو اضطراب اور بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ مجلس علماء نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وقف محض جائیداد کا معاملہ نہیں بلکہ ایک دینی امانت اور اللہ کی راہ میں خدمت خلق کا ذریعہ ہے، مسلمانوں کے ان مقدس اوقاف پر ان کا حق انتظام و اختیار کمزور کرنا یا ان کی تاریخی حیثیت کو زائل کرنا ملت کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ آئین میں درج ان اصولوں کے منافی ہے جو ہر مذہبی گروہ کو اپنے دینی معاملات خود چلانے کا حق دیتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ عدالت نے کچھ عبوری راحت فراہم کی ہے جو ایک مثبت قدم ہے لیکن یہ اقدامات ناکافی ہیں اور بنیادی خدشات کو دور نہ کرتے، قانون کی متعدد دفعات بدستور شدید تشویش کا باعث ہیں، زیر استعمال وقف املاک کے طویل عرصے سے مسلمہ اصول کا خاتمہ صدیوں پرانی مساجد، زیارت گاہوں، قبرستانوں اور دیگر اداروں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے جو مسلسل عوامی استعمال کے سبب وقف تسلیم کیے جاتے رہے ہیں، چاہے ان کے پاس تحریری دستاویزات موجود نہ ہوں۔ وقف نامہ کی لازمی شرط تاریخی حقائق کو نظرانداز کرتی ہے جہاں اکثر دستاویزات یا تو ضائع ہو چکی ہیں یا کبھی بنی ہی نہیں تھیں اور اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ان جائیدادوں کی مسلمہ حیثیت چھین لی جائے گی۔اسی طرح سروے کے اختیارات کو آزاد کمشنروں سے منتقل کر کے ضلع کلکٹروں کو دینا غیرجانبداری کو متاثر کرتا ہے اور ریاستی مداخلت کو بڑھاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مجلس علماء سمجھتی ہے کہ یہ ترمیم دراصل اوقاف کو کمزور کرنے اور انہیں ہتھیانے کی دانستہ کوشش ہے جس کے نتیجے میں ناجائز قابضین کو قانونی جواز مل سکتا ہے اور اس سے حقیقی دینی و سماجی اداروں کو نقصان ہو گا۔ یہ اقدامات امتیازی ہیں کیونکہ کسی اور مذہبی برادری کے معاملات میں ایسی مداخلت نہیں کی جاتی۔مجلس علماء نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ جلد از جلد اس معاملے کی حتمی سماعت کرے اور مسلمانوں کے آئینی و مذہبی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے کیونکہ موجودہ صورت میں یہ قانون تشویشناک ہے اور پرانے وقف ایکٹ کو بحال کیا جانا چاہیے، حکومت کو چاہیے کہ وہ وقف کی حرمت کو پامال کرنے کے بجائے ان مقدس اوقاف کے تحفظ، بقا اور ترقی کے لئے عملی اقدامات کرے تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے دینی و سماجی مفاد میں کام کرتے رہیں۔