عمران خان کا آرمی چیف کو خط،پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
راولپنڈی / پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک /صباح نیوز) عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھ کر پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق بانی تحریک انصاف کے وکیل فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں پالیسیوں میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے، فوج ملک کی ہے کسی ایک شخص کی نہیں، جب صلح کی باتیں یا اسٹیبلشمنٹ سے معاملات بہتر ہونے کی بات آتی ہے تو حکومت کو نیندیں اڑ
جاتی ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ عوام کے فوج کے پیچھے کھڑے ہونے سے ہی جیتی جاسکتی ہے، خلیج عوام اور فوج کے درمیان پیدا کی گئی جس سے دوری کا تاثر آتا ہے‘ بانی نے خط میں 5 نکات پیش کیے، خلیج پیدا کرنے کی وجوہات بھی بیان کیں۔ پہلی وجہ یہ بیان کی کہ 8 فروری کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے جس کے تحت منی لانڈرنگ کرنے والوں سے مل کر الیکشن رگ کیا گیا، اس وجہ سے عوام اور اداروں میں دوری پیدا ہوئی، دوسرا 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو کنٹرول کرلیا گیا، یہ ترمیم مقدمات اور الیکشن فراڈ کو کور فراہم کرتی ہے‘ 190 ملین ریفرنس کا فیصلہ لیٹ کرنے کا مقصد کورٹ پیکنگ کے تحت من پسند ججز کے پاس اپیلوں کو لگانا ہے۔ تیسرا نکتہ یہ ہے کہ پیکا کا کالا قانون لاکر سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی، اس قانون کے تحت آئی ٹی انڈسٹری کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے اور پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی خطرے میں ہے‘ چوتھا نکتہ، ملک میں تمام اداروں کو پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے لگایا گیا ہے، جس کی وجہ سے ان کی اصل کام سے توجہ ہٹ گئی ہے‘ پانچواں نکتہ عدلیہ اور عدالت کے احکامات سے پہلو تہی کیا جا رہا ہے، اس کا نزلہ بھی پاک فوج پر گر رہا ہے‘ جیل میں نادیدہ قوتیں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہونے دیتیں‘ بشریٰ بی بی سے تفتیش کرنے پولیس جیل کے اندر آئی تو کسی نامعلوم قوت کے اشارے پر تفتیش نہیں کرنے دی گئی‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ تیزی سے یہ پالیسیاں بدل کر آئین و قانون کے مطابق رکھی جائیں تاکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ختم ہو اور معاشی استحکام کی جانب بڑھا جائے، ملک کے مستقبل کے لیے گزشتہ 3 سال سے جاری پالیسیز میں تبدیلی لائی جانی چاہئیں۔ فیصل چودھری نے کہا کہ بطور سابق وزیراعظم ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے نقصان کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی نشاندہی کریں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو کھلا خط لکھ کر پالیسیز پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا آرمی چیف کو خط پی ٹی آئی کا پالیسی شفٹ نہیں، بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم کھلا خط لکھا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے مسائل پر بات ہوتی ہے کیونکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ ہر کام میں شامل ہے، چیف آف آرمی اسٹاف نے این ایف سی ایوارڈ کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے اس لیے اب عدالت عظمیٰ نہیں جا رہے۔ پشاور میں پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے چلینج کیا کہ ہمیں نیا ایف ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا جو زیادتی ہے، نیا این ایف سی آیا تو فاٹا کی وجہ سے130سے 150ارب روپے سے زاید ملیں گے‘ میں نے ملاقات میں آرمی چیف سے کہا تھا کہ نیا این ایف سی ایوارڈ کا اجلاس بلائیں ورنہ پھر ہم عدالت عظمیٰ سے رجوع کریں گے جس پر انہوں نے اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی تو ہم نے عدالت جانے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ا رمی چیف کو خط میں تبدیلی پی ٹی ا ئی ایف سی ا نے کہا
پڑھیں:
عمران خان کی رہائی کے لیے ایک اور کوشش ،سابق رہنماؤں نے اہم فیصلہ کرلیا ۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں نے عمران خان کی رہائی کیلئے سیاسی جماعتوں اور دیگر سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا۔گزشتہ روز شاہ محمود قریشی سے جمعہ کو پارٹی کے سابق رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے سیاسی جماعتوں اور دیگر سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا۔رابطہ کاری مشن میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابق قیادت کا ن لیگ کے رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سابق قیادت ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی کوشش کرے گی، سابق رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی سے معاملات کو حل اور درست کرنے کیلئے کردار ادا کرنےپرگفتگو کی۔ذرائع نے بتایاکہ سابق رہنماؤں نے اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔