کراچی، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک، ایک شہری بھی جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں شہریوں سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکو نے فائرنگ کر کے اپنے ہی ساتھی کو ماردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری جاں بحق اورایک شہری زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی آپس میں رشتے دار ہیں جبکہ ہلاک ڈاکو کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس ایچ او سولجر بازار وقارعظیم نے بتایا کہ سولجر بازار اشو اپارٹمنٹ نزدیک جماعت خانہ کے قریب دو مسلح ملزمان دو شہریوں سے لوٹ مار کرریے تھے کہ شہریوں نے مزاحمت کردی اس دوران ایک ڈاکو نے فائرنگ کردی.
ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا ایک ساتھی ڈاکو مارا گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دونوں شہری بھی زخمی ہوگئے، زخمی شہریوں کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی ہونے والا 33 سالہ شہری طاہر ولد میر الیاس دوران علاج دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والے شہری کے دوست شاہ زیب نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی دونوں آپس میں رشتے دار ییں، دونوں کزنز پاکولا مسجد سولجر بازار کے رہائشی ہیں اور ان کا آبائی تعلق تربت بلوچستان سے ہے، یہ درآمدات اور برآمدات کا کام کرتے ہیں۔
جبکہ دوسرے زخمی شہری کی شناخت صدام کے نام سے ہوئی ، ہلاک ڈاکو کی شناخت عبداللہ سے ہوئی۔
ایس ایچ او سولجر بازار کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شہری طاہر شادی شدہ تھا اور یہ اپنے کزن کے ہمراہ دو کزن دوستوں کے پاس جارہے تھے کہ جماعت خانہ کے پا اس سے لوٹ مار کا واقعہ پیش اایا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس اس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے، جاں بحق شہری کی میت چھیپا سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر رواں سال کی جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سولجر بازار لوٹ مار
پڑھیں:
کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے علی احمد گوٹھ افغان ایریا میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 20 سالہ جاوید کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جبکہ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار کے قریب فائرنگ سے 35 سالہ شائستہ نامی خاتون زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
پاک کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔