کے ایم سی چڑیا گھر کیلیے غیر مقامی جانور نہ خریدے‘چیف سیکر ٹر ی
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکر ٹر ی سندھ آصف حیدر شاہ نے کے ایم سی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ کراچی چڑیا گھر کے لیے غیر مقامی (ایگزاٹک) جانور نہ خریدے۔ انہوں نے یہ ایڈوائز کراچی چڑیا گھر سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی، جس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل چیف سیکر ٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، میونسپل کمشنر افضل زیدی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی، ڈائریکٹر ریکریشن کے ایم سی اور کراچی زولوجیکل اینڈ بوٹینیکل گارڈن کے دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی چڑیا گھر میں اس وقت تقریباً 850 جانور اور پرندے مختلف اقسام کے موجود ہیں۔ مزید آگاہ کیا گیا کہ 2012 کے بعد سے چڑیا گھر کے لیے کوئی نیا جانور نہیں خریدا گیا۔ چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے زور دیا کہ کراچی چڑیا گھر کے لیے غیر مقامی جانور نہ خریدے جائیں کیونکہ وہ مقامی ماحول میں زندہ نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مناسب جگہ، خوراک اور ماحولیاتی حالات کی عدم موجودگی کے باعث غیر مقامی جانور ذہنی دباؤ، بیماریوں اور قبل از وقت موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کراچی چڑیا گھر میں موجود تمام جانوروں کو عالمی معیار کے مطابق خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت جانوروں اور پرندوں کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری فنڈز فراہم کرے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سونا سستا ہوگیا، عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت کم
کراچی:سونے کی قیمت عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں کم ہو گئی اور عالمی ومقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں گزشتہ 4ماہ سے مسلسل اضافے کا تسلسل رکنے سے نئے ریکارڈز بننا بھی بند ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت مزید 33ڈالر کی کمی سے 3ہزار 305 ڈالر کی سطح پر آگئی، جس سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 3ہزار 300روپے کی بڑی نوعیت کی کمی سے 3لاکھ 48ہزار 700روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح ملک میں فی 10 گرام سونے کی قیمت 2ہزار 833روپے گھٹ کر 2لاکھ 98ہزار 950روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں کمی کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت 40روپے کی کمی سے 3ہزار 497روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 35 روپے کی کمی سے 2ہزار 998روپے کی سطح پر آگئی۔