متعدد ہلاکتوں کے بعد میئر کی ٹریفک حادثات پر تشویش
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی مختلف سڑکوں اور شاہراہوں پر خلاف ضابطہ ہیوی ٹریفک چلنے کے باعث ہونے والے حادثات اور شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ذریعے صورتحال کو ٹھیک کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات پر زور دیا ہے، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی کو لکھے گئے ایک خط میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر بغیر کسی نظم و ضبط کے بھاری گاڑیوں بشمول ڈمپرز اور ٹرکس کے چلنے کی وجہ سے حادثات میں شہریوں کا زخمی اور جاں بحق ہونا سخت تشویش کا باعث ہے اور یہ صورتحال کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے بھی سڑکوں پر ہونے والے حادثات کا شدید نوٹس لیا ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں پر تمام ہیوی ڈمپرز اور ٹرکس کو صرف رات کے اوقات میں چلانے کی اجازت دے جس کے لئے رات آٹھ بجے سے صبح چھ بجے تک کا وقت مقرر کیا جائے جبکہ ضروری بلدیاتی خدمات کی فراہمی پر مامور گاڑیوں کو دن کے اوقات میں بھی چلانے کی اجازت ہونی چاہئے البتہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کی بھی مستقل نگرانی کی جائے، انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری حکام کی اولین ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی زندگی اور صحت کو بچانے کے لئے عملی اقدامات کریں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کو یقین ہے کہ سندھ پولیس شہر بھر میں بھاری گاڑیوں کی حرکات و سکنات کو باضابطہ بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گی، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کے لئے پرعزم ہے اور سندھ پولیس کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
لکی مروت: ٹریفک پولیس موبائل میں دھماکا، 2 افراد زخمی
ویب ڈیسک:لکی مروت میں درہ پیزو بازار کے قریب ٹریفک پولیس موبائل پر آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد ٹریفک پولیس موبائل گاڑی میں آگ لگ گئی۔