ریگولر بینچز میں آئینی و قانونی تشریح کیسز کی سماعت آئین و ضابطہ کی خلاف ورزی ہے، جسٹس مظہر
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
ریگولر بینچز میں آئینی و قانونی تشریح کیسز کی سماعت آئین و ضابطہ کی خلاف ورزی ہے، جسٹس مظہر WhatsAppFacebookTwitter 0 9 February, 2025 سب نیوز
اسلام آباد( سب نیوز)
سپریم کورٹ آئینی بینچ کے سینیئر جج جسٹس محمد علی مظہر نے ریگولر بینچوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ قانون اور آئین کی تشریح سے متعلق معاملات میں آئین کے آرٹیکل 191-A کے تحت اپنے دائرہ اختیار میں رہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے سپریم کورٹ بینچز کے دائرہ اختیار پر لیے گئے نوٹس کے معاملے پر آئینی بینچ کی جانب سے جسٹس منصور شاہ کے تمام اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے 7رکنی بینچ کے متفقہ فیصلے کے حق میں 20 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ جاری کر دیا۔
اضافی نوٹ میں جسٹس محمد علی مظہر نے لکھا ہے کہ آئینی بینچ کسی ٹیکس کیس میں آئین میں ہونے والی ترامیم کے غلط یا درست ہونے کا فیصلہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی ریگولر بینچ کے پاس ایسا کوئی اختیار ہے کہ وہ آئینی ترامیم یا کسی قانون کو چیلنج کرنے کے معاملے کا فیصلہ کر سکے۔ آئینی بینچ کے علاوہ کسی کی جانب سے یہ دائرہ اختیار استعمال کرنا آئین و ضابطے کی خلاف ورزی ہوگی۔
جسٹس علی مظہر نے کہا کہ میرے خیال میں اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر کوئی باقاعدہ بینچ، واضح اور غیر مبہم آئینی دفعات کے باوجود حد سے زیادہ دائرہ اختیار استعمال کرتا ہے یا ٹیکس کے معاملے میں صرف جواب دہندہ کے وکیل کی دلیل کی بنیاد پر اپنی سمجھ کے بغیر مبینہ تنازع کا فیصلہ کرتا ہے، تو یہ 191-A کے خلاف اور یہ قانونی چارہ جوئی کے مترادف ہوگا۔
سینیئر جج نے لکھا کہ دائر اختیار سے تجاوز یا کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کے بجائے معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت قائم کمیٹی کو بھیجنا بہتر ہوگا۔ ججز نے آئین و قانون کے تحفظ اور پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے، میرا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ ایک آئینی جج کا کردار ایک بادشاہ سے مختلف ہے۔ بادشاہ اپنی مرضی کے مطابق احکامات جاری کرسکتا ہے جبکہ ایک آئینی جج کو اس بات کا ہمیشہ خیال رکھنا چاہیئے کہ انہیں آئین کے تحت تشریح اور نفاذ کا کام سونپا گیا ہے اور وہ آئین و قانون پر عمل کے پابند ہیں۔
جسٹس علی مظہر نے لکھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے تحت آئین کے آرٹیکل 191-A میں سپریم کورٹ کے آئینی اور ریگولر بینچز کے دائرہ اختیار کا واضح طور پر تعین کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے نوٹ میں لکھا کہ آئینی بینچ نے درست طور پر 28 جنوری 2025 کو ریگولر بینچ کی جانب سے 13جنوری اور 16 جنوری 2025 کو جاری احکامات کو دائرہ اختیار نہ ہونے پر واپس لیا جس کے بعد ان احکامات کے نتیجہ میں تعمیر کیا گیا ڈھانچہ گر گیا لہٰذا کوئی بھی کی گئی کارروائی، جاری کیے گئے احکامات اور اٹھائے گئے اقدامات کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
جسٹس مظہر کا نوٹ میں کہنا تھا کہ معاملہ کھلی کتاب کی طرح ہے اور اس پر مزید غوروفکر کرنے کی ضرورت نہیں، یہ قانون کا اصول ہے کہ اگر عدالت کا دائرہ اختیار نہیں تو اس کی جانب سے دائرہ اختیار کے بغیر دیا گیا فیصلہ کالعدم تصور ہوگا، حیران ہوں اور سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کس طرح مدعا علیہ کے وکیل کے دلائل سے ریگولر بینچ کو معاونت ملی کہ وہ آئین میں دیئے گئے واضح دائرہ اختیار سے فرار اختیار کرے، آئینی ترمیم وجود رکھتی ہے جب تک کہ پارلیمنٹ انہیں ختم نہ کرے یا سپریم کورٹ انہیں کالعدم قرار نہ دے۔
سینیئر جج نے یہ تجویز دی کہ آئینی اور ریگولر بینچز کے سامنے کیسز مقرر کرنے کے حوالے سے مستقبل میں کسی بھی قسم کے تنازع سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی مدد سے کیس مینجمنٹ سسٹم وضع کیا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ آئینی بینچ کی جانب سے متفقہ طور پر ریگولر بینچ کی جانب سے احکامات کو کالعدم قراردینے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ کوئی زمینی حقیقت سے انکار نہیں کرسکتا اور نہ ہی موجودہ آئینی ترامیم سے آنکھیں چرا سکتا ہے، نہ ہی بہرہ بن سکتا ہے، اس اضافی نوٹ کو موجودہ تنازع کے تناظر میں ہی پڑھنا چاہیئے۔
.ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: ریگولر بینچز
پڑھیں:
سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی
بھارت کی جانب سے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو ‘فوری طور پر معطل’ کرنے کا اعلان جنوبی ایشیا کی سیاست میں ایک سنگین موڑ اور بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں سے انحراف کا مظہر ہے۔
24 اپریل 2025 کو بھارت کی وزارت جل شکتی کی جانب سے پاکستان کو بھیجے گئے خط میں آبادی میں ہونے والی تبدیلیوں، صاف توانائی کی ضروریات اور سرحد پار دہشتگردی جیسے عوامل کا حوالہ دے کر اس فیصلے کو جواز بخشنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن قانونی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو یہ اقدام ایک ایسے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش ہے جو نہ صرف 2 ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری تعاون کی علامت ہے بلکہ بین الاقوامی قانون کی مضبوط روایت کا بھی حصہ ہے۔
سندھ طاس معاہدہ، جو عالمی بینک کی ثالثی میں 1960 میں طے پایا، ایک تفصیلی اور مؤثر نظام فراہم کرتا ہے جس کے تحت دریاؤں کے پانی کی تقسیم، مشترکہ معائنے، معلومات کے تبادلے اور تنازعات کے حل کے طریقہ کار طے کیے گئے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ معاہدے میں کہیں بھی کسی فریق کو یہ اختیار نہیں دیا گیا کہ وہ اسے یکطرفہ طور پر معطل کرسکے۔ بھارت کی طرف سے معاہدے کے آرٹیکل XII(3) کا حوالہ کسی طور پر درست نہیں ہے کہ اس کی رو سے معاہدے میں ترامیم باہمی رضامندی سے کی جاسکتی ہیں۔ کسی ایک فریق کی طرف سے اسے یکطرفہ معطل کرنے کا قطعی طو پر کہیں ذکر نہیں ہے۔
بھارت کے اس اقدام کے پیچھے بین الاقوامی قانون میں موجود اصول rebus sic stantibus یعنی ‘حالات میں بنیادی تبدیلی کی بنیاد پر معاہدے کی منسوخی یا معطلی’ کا حوالہ ممکنہ طور پر دیا جاسکتا ہے۔
بین الاقوامی قانون کے عمومی اصول، جیسا کہ ویانا کنونشن 1969 میں واضح کیے گئے ہیں، اس اصول کو نہایت محدود حالات میں قابل اطلاق قرار دیتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ حالات میں آنے والی تبدیلی غیر متوقع ہو اور وہ معاہدے کی اصل نوعیت اور ذمہ داری کو بنیادی طور پر بدل دے۔ بھارت کی طرف سے پیش کیے گئے دلائل جیسے آبادی، توانائی کی ضروریات یا سیکیورٹی خدشات، نہ تو غیر متوقع ہیں اور نہ ہی اس سطح کی بنیادی تبدیلی ہیں جو معاہدے کی سرے سے غیر مؤثر بنا دیتی ہو۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ اگرچہ سندھ طاس معاہدہ ویانا کنونشن سے پہلے کا ہے، لیکن ویانا کنونشن میں موجود اصول جیسے کہ pacta sunt servanda یعنی ‘معاہدے کی پابندی کی جاتی ہے’ اور معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے خلاف ضابطے بین الاقوامی عرفی قانون (customary international law) کا درجہ رکھتے ہیں۔ اس لیے ان اصولوں کا اطلاق بھارت اور پاکستان دونوں پر ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کی اپنی عدلیہ بھی بین الاقوامی معاہدوں کی تشریح کے لیے ویانا کنونشن کے اصولوں کو قابل قبول مان چکی ہے، جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بھارت خود بھی ان اصولوں کو قانونی رہنمائی کے لیے تسلیم کرتا آیا ہے۔
بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کا الزام اگرچہ سیاسی طور پر سنگین ہے مگر قانونی طور پر یہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا کوئی جواز فراہم نہیں کرتا۔ ہندوستان نے ان الزامات کے لیے کوئی قابل اعتبار شواہد فراہم نہیں کیے اور اس بنیاد پر معاہدے کو معطل کرنے میں غیر معمولی عجلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ گویا کہ یہ فیصلہ پہلے سے مطلوب تھا اور اب صرف ایک بہانہ درکار تھا۔
اگر پاکستان نے واقعی کسی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہوتا تو بین الاقوامی قانون کی رو سے بھارت کو چاہیے تھا کہ وہ معاہدے میں موجود باقاعدہ طریقہ کار یعنی مشترکہ کمیشن، غیر جانبدار ماہرین اور ثالثی کے فورم وغیرہ کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتا، لیکن بھارت نے ان تمام قانونی ذرائع کو نظرانداز کیا۔
قانونی ماہرین نے دنیا میں دیگر تنازعات، جیسے کہ روس کی جانب سے امریکا کے ساتھ نیو اسٹارٹ معاہدے کی معطلی کے تناظر میں متنبہ کیا ہے کہ کسی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا، جب تک کہ اس کی اجازت معاہدے میں نہ دی گئی ہو یا کوئی سنگین خلاف ورزی ثابت نہ ہو، بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سیکیورٹی خدشات خواہ کتنے ہی شدید ہوں، وہ معاہدہ معطل کرنے کا خودکار قانونی اختیار پیدا نہیں کرتے۔ یہی اصول یہاں بھی لاگو ہوتا ہے۔
بھارت کا یہ اقدام محض ایک سفارتی یا تزویراتی چال نہیں بلکہ ایک ایسے قانونی نظام کے لیے خطرہ ہے جو دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں آبی تنازعات کو منظم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اگر ایک فریق محض اپنی مرضی سے کسی معاہدے کو معطل کردے تو یہ نہ صرف اس معاہدے کی ساکھ کو مجروح کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی قانون کے سارے ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ اس عمل سے دوسرے معاہدے بھی غیر محفوظ ہوجائیں گے اور عالمی سطح پر معاہدوں کا احترام کمزور پڑ جائے گا۔
سندھ طاس معاہدہ اپنی تمام تر خامیوں کے باوجود خطے کے امن اور تعاون کا ستون رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے اسے بلاجواز اور غیر قانونی طور پر معطل کرنا نہ صرف دو طرفہ اعتماد کو مجروح کرتا ہے بلکہ اس اصول پر بھی سوال اٹھاتا ہے کہ کیا بین الاقوامی معاہدے اب بھی واقعی قابل بھروسہ ہیں؟ اس معاہدے کو ‘معطل’ کرکے بھارت نے شاید صرف دریا کا بہاؤ نہیں روکا بلکہ قانون کی روانی کو بھی روک دیا ہے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ڈائریکٹر اسکول آف لاء قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد