پاکستانی عوام اس وقت 2 قسم کی سوچوں میں منقسم ہیں۔ ایک طرف انتشار کی آواز ہے اور دوسری جانب امن کا پیغام ہے۔ ایک طرف ایک شخص کی انا کا پہاڑ ہے اور دوسری جانب ریاست اور سرکار ہے۔ ان 2 سوچوں میں بہت سے لوگ پس رہے ہیں۔ بہت سا وقت ضائع ہو رہا ہے۔ اہم بات یہ نہیں کہ یہ 2 سوچیں کیا ہیں؟ اہم بات یہ ہے کہ تاریخ کے اس موڑ پر آپ کس سوچ کے ساتھ کھڑے ہیں؟
ایک سال بیت گیا الیکشن کو۔ لیکن فارم 47 والا احتجاج تھم نہیں رہا۔ پنجاب اور وفاق بہت آگے چلا گیا مگر خیبر پختونخوا میں وقت احتجاج در احتجاج پر منجمد ہو چکا ہے۔ وہاں کی قیادت یہ سوچتی ہی نہیں کہ لوگوں کو فلاح کیسے دینی ہے؟ عوام کی خدمت کیسے کرنی ہے؟ ترقی کا پہیہ کیسے چلانا ہے؟ صحت اور تعلیم کی سہولیات کس طرح بہم پہنچانی ہیں؟ انفراسٹرکچر کس طرح بنانا ہے؟
خیبر پختونخوا کی موجودہ قیادت ایک شخص کی ضد پر سارا صوبہ تباہ کرنے پر تلی ہے۔ اس صوبے کے عوام کا مستقبل پاؤں تلے روندنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ خود ہی بتائیں کہ گزشتہ ایک سال میں خیبر پختونخوا میں ترقی کا کوئی کام ہوا؟ کوئی سڑک بنی یا کسی یونیورسٹی کا افتتاح ہوا؟ کسی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا گیا؟
خیبر پختونخوا کے عوام کو ایک سال میں صرف یہ بتایا گیا کہ تم نے احتجاج کرنا ہے، تم نے ڈنڈے کھانے ہیں، تم نے لاٹھیوں کا سامنا کرنا ہے، تم نے ہر شئے کو آگ لگانی ہے۔ تم نے گولیاں کھانی ہیں اور ایک شخص کے ذاتی مفاد کی خاطر خود کو قربان کر دینا ہے۔
خیبر پختونخوا کے لوگ باشعور بھی ہیں اور ذہین بھی لیکن جب وہاں کے حکمران عوام کو ایک احتجاجی مہرے کی طرح استعمال کریں گے تو وہ اب زیادہ دیر بے وقوف نہیں بنیں گے۔ عمران خان نے اس صوبے کے عوام اور خزانے کو جس بے دردی سے استعمال کیا ہے وہ ناقابل یقین ہے۔
صوابی جلسہ اس بات کا غماز ہے۔ اب لوگ تھک چکے ہیں۔ انہیں اب اس احتجاج سے کوئی دلچسپی نہیں رہی۔ انہیں ادراک ہو رہا ہے کہ ان کو صرف استعمال کیا جا رہا ہے۔ تب ہی تو اب عوام نہیں نکلتے۔ البتہ ٹوئیٹر اور یوٹیوب پر انقلاب بھرپور طریقے سے لایا جا رہا ہے۔ معصوم لوگوں کو یہ تک پتہ نہیں کہ جو یو ٹیوب پر انقلاب لارہے ہیں وہ آپ کی حماقت سے کروڑوں کما رہے ہیں۔ ان کی آمدنی کا وسیلہ آپ اور آپ کی معصومیت ہے۔ یہ اپنے ڈالروں کے لیے آپ کو ورغلاتے ہیں۔ فیک نیوز پھیلاتے ہیں۔ انتشار پیدا کرتے ہیں۔ لڑائی مار کٹائی پر مجبور کرتے ہیں۔ ریاست کے خلاف نعرہ لگاتے ہیں۔ عوام کو اب سمجھنا چاہیے۔ نہ ان کا مقصد انقلاب ہے نہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہونا ان کا نظریہ ہے اور نہ ہی یہ اس ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ ان کا دھندا جھوٹ کا دھندا ہے۔ فریب کا کاروبار ہے۔ جس کے نتیجے میں یہ عوام میں مایوسی بانٹتے ہیں اور خود اس کام کے عوض ڈالر بٹورتے ہیں۔
پنجاب بھی اس ملک کا صوبہ ہے۔ عثمان بزدار کے دور میں لوگ اس صوبے کی طرف ترس بھری نگاہوں سے دیکھتے تھے اور آج کل حسد بھری نظروں سے دیکھتے ہیں۔ ایک سال میں پنجاب بدل گیا ہے۔ مریم نواز نے نواز شریف کی بیٹی ہونے کا حق ادا کر دیا۔ سارا صوبہ ہی تبدیل کر دیا۔ ہر گوشہ جگمگ کر رہا ہے۔ اصلاحات ہو رہی ہیں۔ نت نئے منصوبے تخلیق کیے جا رہے ہیں۔ عوام کے مسائل پر توجہ کی جا رہی ہے۔ انٹرنیشنل میچز ہو رہے ہیں۔ سٹیڈیم رنگ و نور سے بھرے ہوئے ہیں۔ ڈھول کی تھاپ پر نوجوان رقص کر رہے ہیں۔ ان کے چہروں پر خوشیاں ہیں، امیدیں ہیں۔
یہ خوشیاں اور امیدیں صرف پنجاب کا حق نہیں ہر صوبہ اس طرح روشن ہونا چاہیے، ہر جگہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ملنے چاہئیں۔ ہر گوشے کو منور ہونا چاہیے۔ لیکن بدقستی سے خیبر پختونخوا کے عوام اس روشنی سے محروم ہیں۔ ان کی حکومت صرف گالی اور گولی کا سبق دیتی ہے، تشدد اور احتجاج کا پیغام دیتی ہے، مارنے اور مرنے کی باتیں کرتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام اس سے کہیں بہتر کے حق دار ہیں لیکن کون ہے جو ان کے زخموں پر مرہم رکھے؟
ایک سال گزر گیا، وفاق بھی بہت بدل گیا ہے۔ وہ جو کہتے تھے کہ ملک سری لنکا بن جائے گا وہ اب خاموش ہو چکے ہیں، وہ جو کہتے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، اب ان کی زبانیں گنگ ہو گئی ہیں۔ وہ جو آئی ایم ایف کو شکایتیں لگاتے تھے اب چپ ہو چکے ہیں۔ وہ جو کہتے تھے کہ بیرون ملک پاکستانی اس حکومت کو ایک دھیلا بھی نہیں بھیجیں گے، ان کے لب سل چکے ہیں، ان کی امیدوں پر پانی پھر چکا ہے اور ان کا بیانیہ فوت ہو چکا ہے۔
شہباز شریف حکومت کی تعریف نہ کریں تو زیادتی ہے۔اس نے جب حکومت کو سنبھالا تھا اس وقت معیشت کی کشتی ڈول رہی تھی۔ بجلی کے بل سوہان روح بنے ہوئے تھے۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی تھی۔ معیشت ایک سال میں درست نہیں ہوتی لیکن سفر کی درست سمت اور رفتار سے منزل کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس ایک سال کے قلیل عرصے میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوئی، سٹاک مارکیٹ آسمان سے باتیں کرنے لگی، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا، شرح سود میں بتدریج کمی ہوئی۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ دوست ممالک سے اچھے تعلقات استوار ہوئے۔ روزگار کے مواقع کی سبیل نکل رہی ہے۔
شہباز حکومت نے ایک سال میں معاشی سطح پر بہت سی حیران کن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ خوش گمانی کا تقاضا ہے کہ ہم سمجھیں کہ مشکل وقت گزرتا جا رہا ہے اور اگر یہ حکومت چلتی رہی تو ہر آنے والے سال میں عوام کو مزید فلاح نصیب ہو گی۔ ملک عزیز کو مزید ترقی ملے گی۔
ابتدا میں ذکر ہوا تھا کہ پاکستان کے عوام دو طرح کی سوچوں میں منقسم ہیں۔ اس تقسیم میں سب سے اہم فیصلہ آپ کا ہے۔ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں؟ اپنے لیے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے۔ اس وقت فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے اور یہ فیصلہ آپ کو آج ہی کرنا ہے کہ اپنی آنے والی نسل کے ہاتھ میں آپ ڈگری تھماتے ہیں یا ڈنڈا۔ ان کو ریاست سے بغاوت کا درس دیتے ہیں یا وطن سے محبت کا اسلوب سکھاتے ہیں۔ ان کو تنزلی میں دھکیلنا چاہتے ہیں یا ترقی کی راہیں دکھانا چاہتے ہیں۔ یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے اور آج ہی کرنا ہے۔ وقت گزرتا جا رہا ہے اور آنے والی نسل آپ کے فیصلے کی منتظر ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
عمار مسعود کالم نگار، سیاسی تجزیہ کار، افسانہ نگار اور صحافی۔ کبھی کبھی ملنے پر اچھے آدمی ہیں۔ جمہوریت ان کا محبوب موضوع ہے۔ عوامی مسائل پر گہری نظر اور لہجے میں جدت اور ندرت ہے۔ مزاج میں مزاح اتنا ہے کہ خود کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ تحریر اور لہجے میں بلا کی کاٹ ہے مگر دوست اچھے ہیں۔
اردو کالم شہباز شریف عمار مسعود.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اردو کالم شہباز شریف خیبر پختونخوا کے ایک سال میں چاہتے ہیں جا رہا ہے فیصلہ آپ عوام کو کے عوام کرنا ہے چکے ہیں رہے ہیں ہے اور
پڑھیں:
سڑکیں کچے سے بدتر، جرمانے عالمی معیار کے
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
251101-03-5
میر بابر مشتاق
ہیڈ لائن کی ضرورت ہی کیا ہے جب شہر خود اپنی کہانی سنارہا ہو؟ یہ کہانی سڑکوں پر بہتے گٹر کے پانی کی ہے، پانی کے ٹینکر کے پیچھے بھاگتے عوام کی ہے، اور بارش کے بعد طوفانی نالے بن کر بہنے والی سڑکوں کی ہے۔ یہ کہانی اس انفرا اسٹرکچر کی ہے جو کاغذوں پر تو شاندار نظر آتا ہے، مگر زمین پر ’’زیرو‘‘ ہے۔ اور ان تمام مسائل پر ایک طاقتور حقیقت مسلط ہے: مافیا۔ ٹینکر مافیا، ڈمپر مافیا، اور اب اس کے ساتھ ایک نیا اضافہ ’ای چالان مافیا‘۔ کراچی، جو کبھی پاکستان کا معاشی دل سمجھا جاتا تھا، آج ایک ایسے شہر کی حیثیت سے جی رہا ہے جہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ سڑکیں نہ صرف کچی ہیں، بلکہ ان کی حالت اتنی خراب ہے کہ کچی سڑکیں بھی شرم سے منہ چھپا لیتی ہیں۔ ہر موڑ پر گڑھے، ہر سڑک پر کھدائی، اور ہر بارش کے بعد یہ شہر ڈوبتا نہیں بلکہ شرم سے مر جاتا ہے۔ اسی خراب انفرا اسٹرکچر کے نتیجے میں رواں سال 700 سے زائد شہری ٹریفک حادثات کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان اموات میں 205 کا تعلق بھاری گاڑیوں؛ ٹینکر، ٹرالر اور ڈمپر سے ہے، جو عوام کے لیے موت کا پروانہ بن کر دوڑ رہے ہیں۔ یہ وہ ’’اسٹرکچر‘‘ ہیں جو کبھی نہیں ڈوبتے، ان کا کام جاری ہے، اور ان کے مالکان کو کوئی جوابدہی نہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب شہریوں کو بنیادی سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، تو پھر اس کی ناکامی کی سزا عوام کو کیوں دی جا رہی ہے؟ یہی وہ مقام ہے جہاں ’ای- چالان‘ کا المیہ شروع ہوتا ہے۔ سندھ حکومت نے ایک طرف تو سڑکوں کی مرمت، پانی کی فراہمی اور سیکورٹی جیسی بنیادی ذمے داریوں کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے، دوسری طرف وہ ’’عالمی معیار‘ کے ای-چالان سسٹم کے ذریعے عوام کو ڈھادے جانے والے بھاری جرمانوں سے اپنے خزانے بھرنے میں مصروف ہے۔ یہ نظام درحقیقت لوٹ مار کا ایک منظم دھندا بن چکا ہے۔ اس کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ پنجاب میں اسی ای-چالان سسٹم کے تحت موٹر سائیکل سوار سے 200 روپے کا جرمانہ وصول کیا جاتا ہے، جبکہ کراچی میں ایک ہی قصور پر موٹر سائیکل سوار کو 5000 روپے کی خطیر رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ یہ کوئی معمولی فرق نہیں، یہ دس گنا سے بھی زیادہ کا فرق ہے۔ کیا کراچی کے شہری پنجاب کے شہریوں کے مقابلے میں دس گنا زیادہ امیر ہیں؟ یا پھر یہ سندھ حکومت کی طرف سے عوام پر معاشی تشدد ہے؟
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا وہی حکومت جو سڑکوں پر گڑھے چھوڑ کر، ٹریفک کے بہاؤ کو درست کرنے میں ناکام رہ کر اور عوامی ٹرانسپورٹ کا کوئی بندوبست نہ کر کے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں شہریوں کو غیر محفوظ ٹریفک اسٹرٹیجی کا شکار بنا رہی ہے، اسے یہ حق پہنچتا ہے کہ وہ اپنی نااہلی کی پاداش میں عوام پر بھاری جرمانے عائد کرے؟ یہ تو ایسا ہی ہے جیسے ڈاکو خود تو گھر لوٹے، اور مالک کو ہی قصوروار ٹھیرایا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ سندھ حکومت عوام کو شعور دینے اور انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے کے بجائے، صرف جرمانوں کے ذریعے خزانہ بھرنے میں لگی ہوئی ہے۔ یہ ایک آسان راستہ ہے۔ سڑکیں بنانے، ٹریفک انجینئرنگ درست کرنے، عوامی امن و امان قائم رکھنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنانے میں تو محنت اور خلوص نیت کی ضرورت ہے، جبکہ کیمرے لگا کر جرمانے کاٹ لینا بہت آسان کام ہے۔
ای-چالان سسٹم کا مقصد اصل میں عوام کو سزائیں دینا نہیں، بلکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور حادثات کو کم کرنا ہونا چاہیے۔ لیکن جب یہ نظام انصاف کے بجائے مالی فائدہ کمانے کا ذریعہ بن جائے، تو پھر یہ نہ صرف غیر اخلاقی ہوتا ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔ اس پورے معاملے پر ازسرنو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ای-چالان سسٹم کو ایک انصاف پر مبنی، شفاف اور عوام دوست نظام میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ اس کے لیے درج ذیل اقدامات فوری طور پر اٹھائے جانے چاہئیں:
1۔ جرمانوں کی شرح کا پنجاب کے برابر ہونا: سندھ میں جرمانوں کی شرح کا پنجاب کے ساتھ ہم آہنگ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ یہ امتیازی سلوک ختم ہونا چاہیے۔ ایک عام موٹر سائیکل سوار کے لیے 5000 روپے کا جرمانہ نہ صرف غیر منصفانہ بلکہ غیر معاشی بھی ہے۔
2۔ سڑکوں کی فوری مرمت: سڑکوں کو حادثات کے لیے محفوظ بنایا جائے۔ گڑھوں کو پر کیا جائے، سڑکوں کی واضح مارکنگ کی جائے، اور خاص طور پر اسکولز، اسپتالوں اور مصروف چوراہوں کے اردگرد سیفٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
3۔ بھاری گاڑیوں پر کنٹرول: ٹینکر اور ڈمپرز کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے جائیں اور ان کی رفتار پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ ان گاڑیوں کے ڈرائیورز کو خصوصی تربیت دی جائے اور ان کی گاڑیوں کی فٹنس کا سالانہ معائنہ لازمی ہونا چاہیے۔
4۔ عوامی آگاہی مہم: محض جرمانے جاری کرنے کے بجائے، ٹریفک قوانین کے بارے میں عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔ اسکولوں، کالجز اور میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک اصولوں کی تربیت دی جائے تاکہ وہ خود بخود قوانین کی پابندی کریں۔
5۔ شفافیت اور جوابدہی: ای-چالان کے ذریعے وصول کی گئی رقم کا شفاف حساب کتاب عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ یہ رقم صرف سڑکوں کی مرمت اور ٹریفک انفرا اسٹرکچر کی بہتری پر خرچ کی جائے، نہ کہ عام بجٹ میں شامل کر کے ضائع کی جائے۔
بنیادی بات یہ ہے کہ شہریوں کو سہولت نہ دی جائے اور ان پر بھاری بھرکم جرمانے مسلط کیے جائیں، یہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام کو ’’مجرم‘‘ بنا کر نہیں، بلکہ ان کی خدمت کر کے ہی ترقی ممکن ہے۔ جب تک سڑکیں کچے سے بدتر رہیں گی، تب تک چاہے جرمانے عالمی معیار کے ہی کیوں نہ ہو جائیں، شہر کی کہانی اندھیرے اور مایوسی ہی سناتی رہے گی۔ حکومت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ریاست کی مشروعیت عوام کی خدمت سے آتی ہے، نہ کہ ان پر جرمانے عائد کر کے۔ اگر سڑکیں ٹھیک نہیں، پانی نہیں، بجلی نہیں، اور امن نہیں، تو پھر ’’عالمی معیار کے جرمانے‘‘ صرف ایک مذاق ہیں۔