کاشتکاروں پر انکم ٹیکس‘قومی اسمبلی میں مسئلے کو اٹھائیں گے‘ اسد قیصر
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
صوابی( نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے کاشتکاروں پر مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے انکم ٹیکس کے نفاذ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایما پر لگائے جانے والے ٹیکسز پر ہمیں سخت تحفظات ہیں۔اپنی رہائش گاہ پر کاشتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے اس حوالے سے ملاقات کریں گے اور قومی اسمبلی میں بھی کاشتکاروں کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا وار زون ہے اور وار زون کی وجہ سے ہماری انڈسٹری تباہ اور معیشت بیٹھ چکی ہے ، روزگار کے انتہائی کم مواقع رہ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے زمینداروں کا گزر بسر انتہائی مشکل سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز ضرور لگنے چاہئیں لیکن سب سے پہلے بڑے لینڈ لارڈز اور جاگیرداروں پر عائد کیے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ قومی اسمبلی میں اس مسئلے کو مثر انداز میں اٹھائیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا : ملک محمد احمد خان
لاہور(این این آئی)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر آپ کو متفق ہونا پڑے گا، سیاست کو ایک رستہ ملنا چاہیے۔ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بڑی اچھی بات کی ہے کہ انہوں نے بات چیت کے دروازے کو کھولا ہے، بات چیت ہی واحد حل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم اکنامک گروتھ چاہتے ہیں۔ صوبوں میں بیٹھے لوگ وفاق سے نہ بات کریں تو بنیادیں ہل جاتی ہیں، جنگوں یا قتل کے بعد بھی بات چیت سے ہی مسئلہ حل کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں، پاکستان نے اپنی سفارتی و جنگی برتری دونوں ثابت کیں، پاکستانی انٹیلی جنس کی برتری کو بھی دنیا نے تسلیم کر لیا، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں پیسے دے کر لوگوں کو خرید کر پاکستان میں دہشت گردی کرواتا ہے، پاکستان میں پراکسی کا لبادہ اوڑھ کر بھارتی سرمایہ کاری ہوتی ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن اور جہلم کے اسٹیشن سے بھارتی جاسوس پکڑے، پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پہلگام واقعے کو چار پانچ ماہ ہو گئے، 150 دنوں میں ثبوت نہ دیا تو الزام کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔