فرانس کے بعد برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی دوبارہ پروازیں شروع کرنیکی تیاریاں مکمل
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
فرانس میں قومی ایئر لائن کی براہ راست پروازیں شروع ہونے کے بعد انتظامیہ نے برطانیہ کیلئے دوبارہ پروازیں شروع کرنیکی تیاریاں مکمل کر لیں۔
اس سلسلہ میں برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیفٹی ریویو بورڈ کا اجلاس 15 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ برطانیہ میں ایوی ایشن اتھارٹی میٹنگ میں قومی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشنز پر پابندی ختم کردی جائیگی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق قومی ایئرلائن حکام 28 مارچ سے اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے اپنی براہ راست پروازیں بحال کرنیکا ارادہ رکھتے ہیں، پہلے مرحلے میں قومی ایئر لائن اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کرے گی۔
دوسرے مرحلے میں اسلام آباد اور لاہور سے لندن اور برمنگھم کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی، انتظامیہ نے برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے گراؤنڈ ہینڈلنگ، کیٹرنگ اور عملے کے ہوٹلوں کےلیے ٹینڈر جاری کر دیے ہیں۔
برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا مثبت فیصلہ آنے پر فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا‘ایئرلائن کے نیٹ ورک کےلیے یو کے مارکیٹ ایک بہت اہم روٹ ہے۔
مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کی جائیں گی ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی برطانیہ میں بسلسلہ روزگار مقیم اور ملکی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تاہم کراچی میں طیارہ حادثے کے بعد اس وقت کے وفاقی وزیر ہوائی بازی غلام سرور کی ایک متنازعہ پریس کانفرنس کے بعد برطانیہ اور یورپ میں قومی ایئرلائن کی فلائٹس پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
کئی سال کی مسلسل پابندی کے بعد یورپی یونین میں پروازیں بحال ہو گئیں جبکہ برطانیہ میں بھی جلد ہلالی پرچم فضا میں میں بلند دکھائی دیگا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پروازیں شروع کے بعد
پڑھیں:
سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کسانوں کی تربیت شروع کر دی
وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، بلکہ صوبے میں غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور صوبے کے زرعی شعبے کو محفوظ بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، بلکہ صوبے میں غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت سندھ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو تربیت دینے کیلئے کلائمٹ اسمارٹ ایگریکلچر منصوبہ کے تحت سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن (SWAT) پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کے تحت کسانوں کو جدید زرعی طریقے سکھائے جا رہے ہیں، جن میں فصل کی پیداوار میں اضافہ، پودے کی اونچائی، شاخوں کی تعداد، کیڑوں کے خاتمے اور کم پانی میں کاشت جیسے عملی طریقے شامل ہیں۔
سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ یہ منصوبہ 5 سالہ ہے، جو 2028ء تک جاری رہے گا، اس دوران 180 فیلڈ اسکول قائم کیے جائیں گے اور 4500 کسانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں رواں سال 750 کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے ابتدائی طور پر سکھر، میرپور خاص اور بدین میں 30 ڈیمو پلاٹس اور فیلڈ اسکولز قائم کیے گئے ہیں، ان ڈیمو پلاٹس پر لیزر لینڈ لیولنگ، گندم کی قطاروں میں کاشت اور متوازن کھاد کے استعمال جیسے طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر زراعت کے مطابق بدین کے کھورواہ مائنر میں زیرو ٹلج تکنیک کے تحت دھان کے بعد زمین میں بچی ہوئی نمی پر گندم اگائی گئی، جس سے اخراجات، پانی اور محنت میں نمایاں بچت کے ساتھ ماحولیات کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیت مکمل ہونے کے بعد تمام کسانوں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنی زمینوں پر یہ جدید طریقے اپنائیں اور دوسروں کیلئے مثال قائم کریں۔ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے زرعی شعبے کیلئے بڑا خطرہ بن چکی ہے، جس کے باعث فصلیں متاثر ہو رہی ہیں اور کسان نقصان اٹھا رہے ہیں، اسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے کسانوں کی تربیت کے ذریعے عملی اقدامات شروع کیے ہیں۔