غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں، ٹینکوں کی دوبارہ بمباری
اشاعت کی تاریخ: 31st, October 2025 GMT
حماس سے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد اعلان کے باوجود 100 سے زائد فلسطینی شہید
شہید ہونیوالوں میں46 بچے شامل، 253 افراد زخمی ،ایک میزائل الشفاء اسپتال کے پیچھے گرا
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی طیاروں کی جانب سے غزہ شہر پر کی گئی وحشیانہ بمباری میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو غزہ میں فوری اور شدید حملوں کا حکم دیا تھا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے جواب میں کیا گیا ۔جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ ہوا۔منگل کی رات نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر پر دوبارہ فضائی حملے شروع کیے ۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مختلف مقامات پر حملے کیے۔ ایک میزائل الشفاء اسپتال کے پیچھے گرا۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، گزشتہ رات سے جاری اسرائیلی حملوں میں کم از کم 104 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 46 بچے شامل ہیں، جبکہ 253 افراد زخمی ہوئے ہیں۔تازہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں ایک فلسطینی صحافی محمد المنیراوی اور ان کی اہلیہ بھی ہیں، جو غزہ کے علاقے النصیرات میں ایک خیمے میں پناہ لیے ہوئے تھے۔دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں حماس یاکسی اور نے اسرائیلی فوجی پر حملہ کیا تھا اور اسرائیل سے جواب کی توقع تھی۔تاہم حماس نے رفح کے قریب ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
اسرائیل کا حماس کے اہم ترین کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ؛ 3 شہادتیں
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگ بندی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں اور آج بھی ایک فضائی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایک کار پر کیا گیا یہ حملہ حماس کے اہم ترین کمانڈر رعد سعد کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا جن کی موجودگی کی اطلاع انٹیلی جنس نے دی تھی۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ غزہ سٹی میں ایک گاڑی پر کیے گئے فضائی حملے میں حماس کے ایک اہم ترین عسکری کمانڈر رعد سعد کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رعد سعد حالیہ مہینوں میں حماس کے لیے اسلحے کی بحالی اور تیاری کی کوششوں میں سرگرم رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے حملے میں رعد سعد کی شہادت کی تصدیق نہیں البتہ یہ ضرور کہا ہے کہ اس واقعے کی مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب فلسطینی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے غزہ سٹی کے مغربی علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم تین افراد شہید ہوگئے۔
اسرائیل نے یہ فضائی حملہ جنگ بندی لائن کے اس حصے میں کیا جو اب بھی حماس کے کنٹرول میں ہے جو کہ غزہ سیز فائر کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔
غزہ میں حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں اور یہ حملہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی سمجھا جا رہا ہے۔
حماس کے کمانڈر رعد سعد کی شہادت یا زخمی ہونے کی آزادانہ طور پر تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔