پاؤں سے ڈرائیونگ کی ویڈیو وائرل، اسلام آباد پولیس نے نوجوان کو دھر لیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, March 2025 GMT
اسلام آباد پولیس نے ایکسپریس ہائی وے پر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاؤں سے گاڑی چلانے والے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب سوشل میڈیا پر ملزم کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ بے خوف ہو کر پاؤں کی مدد سے گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ظہران ولد محمد نثار کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ٹریفک پولیس نے اس کی گاڑی بھی تحویل میں لے کر تھانہ کورال میں بند کر دی ہے۔
ایس پی ٹریفک نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ڈرائیونگ کو برداشت نہیں کرے گی، اور اس قسم کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور سڑکوں پر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسلام آباد میں نشے میں مست نوجوان کی بدتمیزی، پولیس پر تشدد کے بعد گرفتار
اسلام آباد کے علاقے آئی 8 میں بگڑے نواب زادے نے شراب کے نشے میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا جس پر نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بگڑے نواب زادے نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر ہلڑ بازی کی، ملزم نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو گالیاں اور دھمکیاں دیں جبکہ ایک اہلکار کو تھپڑ بھی رسید کیا ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوان کو رات گئے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تھانہ آئی نائن پولیس نے عاقب نعیم کو گاڑی سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔ ملزم عاقب نعیم نے اسے سے قبل پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک صحافی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ اندراج کے یئے صحافی نے درخواست دے رکھی ہے۔