کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین پر فائرنگ، ڈرائیور شدید زخمی، مسافر یرغمال
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
کوئٹہ:
کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث ڈرائیور زخمی ہوگیا، دہشت گردوں نے مچھ کی پہاڑیوں میں ٹرین روک دی جب کہ مسافروں کو یرغمال بنانے کی اطلاعات ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آج صبح ساڑھے نو بجے ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوئی، جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزری تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کردی، نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا، مسافر ڈرے سہمے ہوئے ہیں جب کہ علاقے میں اب بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
عینی شاہدین اور لیویز ذرائع کے مطابق مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں جعفر ایکسپریس کو روک دیا گیا ہے اور مزید فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔
ریلوے پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریل وہیں روک دی گئی ہے، ٹرین میں کم از کم 600 سے 700 مسافر سوار ہیں، کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے۔
ڈی ایس ریلوے کے پی آر او کے مطابق تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، سبی سے ایمبولینسز جائے وقوع روانہ کردی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق یہ مچھ کی پہاڑیوں کا درمیانی علاقہ ہے جس کا سیکیورٹی فورسز نے محاصرہ کرلیا ہے، مزید کانوائے روانہ کردیے گیے ہیں۔
ملزمان کے فرار ہونے کی فی الحال کوئی اطلاعات نہیں ہیں بلکہ اطلاعات یہ آرہی ہیں کہ ملزمان نے مسافروں کو یرغمال بنالیا ہے اور قابض ہوکر بیٹھ گئے ہیں اور علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
راولپنڈی کی عدالت میں قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی
راولپنڈی کی عدالت میں پیشی پر آیا قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی ٹیکسلا کچہری کے احاطے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں پیشی پر آئے ملزم قدیر سمیت پولیس کانسٹیبل عابد زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل عابد نے جان پر کھیلتے ہوئے پیشی پر آئے ہوئے ملزم کو بچانے کی کوشش کی اس دوران کانسٹیبل عابد کو بھی گولی لگی، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ٹیکسلا پولیس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت امین شاہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے، پولیس نے موقع سے شواہد جمع کرلیے۔
پولیس کے مطابق ملزم قدیر کو 2019ء کے قتل اور ضرر کے مقدمہ میں پیشی کے لئے عدالت لایا گیا تھا۔
فائرنگ کے واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا اور ایس پی پوٹھوہار کو فوری انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔