خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے،وزیراعظم شہبازشریف
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے، ہمیں ترقی کی جانب دوڑ لگانی ہوگی، امید ہے پاکستان کی ترقی کے لیے آپ شبانہ روز محنت کریں گے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا جو بیڑہ ہم نے اٹھایا ہے اس میں سب برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی معاونت اور آپ کی محنت سے میکرو اکنامک استحکام آیا، ابھی تک معاملات تسلی بخش اور اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی ترقی کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے گا، منتخب نمائندے قوم کی خدمت کے لیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، خیبرپختون خوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ میں حالیہ توسیع کے بعد یہ وفاقی کابینہ کا پہلا باضابطہ اجلاس تھا۔ وزیراعظم نے نئے کابینہ اراکین کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی انتہائی بہتر اور مؤثر رہی ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجیئس ایجوکیشن کو وزارت وفاقی تعلیم کا ملحقہ محکمہ بنانے کی منظوری دے دی-
وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی سفارش پر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجینسی رسپانس ٹیکنیکل ٹیم/کوآرڈینیشن سینٹر آف چائنہ کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تحقیق ، مشاورت اور تربیت کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ مزید برآں اس مفاہمتی یادداشت کے تحت سائبر حملوں کو روکنے کے حوالے سے ہم آہنگی ، پالیسی ڈویلپمنٹ ، سائبر سیکیورٹی ڈرلز سائبر سکیورٹی کے حوالے سے انٹیلی جنس کے تبادلے، سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے استعداد میں بہتری اور آگاہی کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی سفارش پر اقوام متحدہ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونین اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ، حکومت پاکستان کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی یونین ایکسلیریٹر سینٹر کے قیام کے حوالے سے معاہدے کی منظوری دے دی- اس معاہدے کے تحت پاکستان کا نیشنل انکییوبیشن سینٹر ، اسلام آباد ایک آئی ٹی ایکسلیریٹر سینٹر کے طور پر کام کرے گا اور اس کی صلاحیت بڑھائیں جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر سید جرار حیدر کاظمی کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر کموڈور (آپس) رضوان علی منور کی بطور کمانڈینٹ ، پاکستان میرین اکیڈیمی ، کراچی کی سیکینڈمینٹ کی مدت میں ایک سال توسیع کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت ترقی انسانی وسائل و سمندر پار پاکستانی کے سفارش پر انجینئر سید مسرت حسین کو پاکستان رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20 فروری، 2025 کو ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 4 مارچ، 2025 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی منظوری دے دی سائبر سیکیورٹی کی سفارش پر کے حوالے سے نے کہا
پڑھیں:
وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی، عظمی بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی،پاکستان کا نوجوان بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ جمعہ کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے آپریشن ''بنیان مرصوص'' میں تاریخی فتح قوم کو دلائی،پوری دنیا پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ وار قابلیت کی معترف ہے،وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی،پاکستان کا نوجوان بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی بہترجنگی حکمت عملی کی بدولت بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا، پاکستان کے آرمی چیف کو امریکی صدر نے کھانے کی دعوت پر بلایا جوکہ اعزاز کی بات ہے۔(جاری ہے)
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی شدید ڈپریشن کے عالم میں فیلڈ مارشل کیخلاف پروپیگنڈہ مہم چلا رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی اور انکا سوشل میڈیا اداروں کے سربراہان کیخلاف پروپیگنڈہ مہم کو لیڈ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کے سواکوئی کام نہیں کیا اورآج انہیں قانون کی حکمرانی یاد آرہی ہے،9مئی کے سازشی کرداروں اور سہولت کاروں کو عدالت کی جانب سے سزائیں ہورہی ہیں یہی قانون کی حکمرانی ہے۔