پہلے پاکستانی بیٹرز ناکام، پھر بولرز کی پٹائی، نیوزی نے پہلا ٹی 20 نو وکٹوں سے جیت لیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 92 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 11 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن 29 اور ٹم رابنسن 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 91 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی بیٹنگ لائن میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 14 رنز پر پاکستان کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔اوپنر محمد حارث اور حسن نواز صفر پر آؤٹ ہوئے، عرفان خان ایک رن جبکہ شاداب خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ 32 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سلمان علی آغا نے 18 رنز اسکور کیے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، کائل جیمیسن نے 3 اور اش سوڈھی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ زیرکے فالکس کے حصے میں آئی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑیوں عبدالصمد، محمد علی اور حسن نواز نے ڈیبیو کیا تھا۔پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
دلجیت دوسانجھ کس پاکستانی گلوکار کے مداح نکلے؛ مشہور گانا بھی گنگنایا
سُر سنگیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتیں اور پاکستانی گلوکاروں کی صلاحیتوں کا معترف دنیا کا ہر بڑا سنگر ہے۔
بھارت کے عالمی شہرت یافتہ مقبول گلوکار دلجیت دوسانجھ بھی ایک پاکستانی گلوکار کے مداح نکلے اور ان کا گانا بھی گنگنایا۔
دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بیک گراؤنڈ میں سجاد علی کا مشہور گانا "راوی" چل رہا تھا اور بھارتی گلوکار اس گانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
پاکستان اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے دلجیت کے اس عمل کو سرحدوں سے بالاتر ہوکر فن کی عزت قرار دیتے ہوئے خوب سراہا۔
دلجیت دوسانجھ ان دنوں خبروں میں ہیں اپنی نئی فلم "سردار جی 3" کے باعث جس میں اُن کے ساتھ پاکستان کی خوبصورت اداکارہ ہانیہ عامر جلوہ گر ہوئیں۔
فلم کی ریلیز کے بعد بھارت میں کچھ حلقے دلجیت کو پاکستانی اداکارہ کے ساتھ کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
دلجیت نے تنقید کا بھرپور جواب دیا اور کہا کہ فلم کی شوٹنگ تو فروری میں مکمل ہوچکی تھی اُس وقت تو سب نارمل تھا اب اچانک اتنا شور کیوں؟
ویسے یہ سب تنازعات ایک طرف، دلجیت اور ہانیہ کی جوڑی کو خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
"سردار جی 3" نے بھارت، پاکستان اور دیگر ممالک میں 27 جون کو ریلیز کے بعد باکس آفس پر زبردست بزنس کیا ہے۔