کوئی اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کرے گا تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی، علی پرویز ملک
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
فوٹو: فائل
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعطم شہباز شریف مسائل کے حل کیلئے سب کی طرف ہاتھ بڑھائیں گے، اگر کوئی اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کرے گا تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔
لاہور کے کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پاک فوج کے جوان مشکل مرحلے میں ہمارا دفاع کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے ریاست پاکستان ہر قسم کے وسائل مہیا کرے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ہم نے ملک کو ایک جامع معاشی رستے پر ڈالنا ہے، دہشت گردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، اس کےلیے قوم کو اکھٹا ہونا ہوگا، ہر سیاسی جماعت اور سیاسی لیڈر کو پاکستان کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے معیشت بحال کرنے کیلئے وزیراعظم کی کاوش کو سراہا، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: علی پرویز ملک
پڑھیں:
دہشتگردی میں بھارت کا کردار واضح، بلوچستان کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کا کردار بالکل واضح ہے، جبکہ افغان عبوری حکومت دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا جبکہ آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے، تاہم ملکی استحکام، دفاع اور قومی یکجہتی میں اس کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی اور قیامِ پاکستان میں بھی بلوچستان کے عوام نے تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور 90 ہزار سے زائد پاکستانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے مستونگ میں سیشن جج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب ملک سے دہشت گردی کا تقریباً مکمل خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم ایک منظم سازش کے تحت دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ پوری قوم کو متحد ہو کر کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کی عکاس ہیں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت، بالخصوص فیلڈ مارشل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاق اور چاروں صوبوں کے باہمی تعاون سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان کو معاشی ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔