روس کے 3 بحری جہاز مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے کیلئے کراچی پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 17th, March 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) روسی بحریہ کے تین جہاز 15 سے 18 مارچ 2025 تک خیر سگالی دورے پر کراچی پہنچے۔ ان بحری جہازوں میں فریگیٹس آر ایف ایس ریذکی (RFS REZKIY) اور آر ایف ایس ایلدار ٹسیدنژاپوو (RFS ALDAR TSYDENZHAPOV) کے علاوہ میڈیم سی ٹینکر آر ایف ایس پیچنگا (RFS PECHENGA) شامل ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی پہنچنے پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام نے روسی قونصل جنرل اور دفاعی اتاشی کے ہمراہ روسی بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران، روسی بحری جہازوں کا عملہ پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کرے گا اور دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ جہازوں کے دورے بھی ہوں گے۔ مزید برآں، دونوں ممالک کے بحری جہاز مشترکہ مشقوں میں بھی حصہ لیں گے، جس سے باہمی ہم آہنگی اور بحری تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ پاک بحریہ اور روسی بحریہ کے مابین یہ دورے اور مشترکہ مشقیں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، بحری اشتراک کو فروغ دینے اور باہمی اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں گی۔ روسی بحری جہازوں کا یہ دورہ میری ٹائم ڈپلومیسی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید تقویت دے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بحری جہازوں پاک بحریہ بحریہ کے
پڑھیں:
کراچی کی تمام شاہراہوں پر پارکنگ فیس لینے پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری
سندھ حکومت نے کراچی کی تمام سڑکوں پر پارکنگ فیس لینے پر مکمل طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہر کے 25 ٹاؤنز میں جاری پارکنگ فیس کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ حکومت سندھ نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے شہر کی سڑکوں سے پارکنگ فیس کا مکمل خاتمہ کردیا. شہر کی تمام 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو پارکنگ فیس ختم کرنے اور حکم نامے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔محکمہ بلدیات کی ہدایت پر پارکنگ فیس ختم کرنے کی باضابطہ مہم کا آغاز ہوچکا ہے. شہریوں سے غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے محکمہ بلدیات نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق شہر بھر میں اب کوئی بھی ادارہ سڑکوں پر پارکنگ فیس وصول نہیں کرسکے گا. تمام میونسپل کمشنرز کو اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو مفت پارکنگ سہولت دینا حکومت کی ترجیح ہے، کے ایم سی مالی طور پر مستحکم ہے، شہر کی 46 مرکزی سڑکوں پر پارکنگ مفت، بقیہ علاقوں میں بھی عمل جاری ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی ہدایت پر شہر کے ہر علاقے میں پارکنگ فیس مفت کردی گئی. محکمہ بلدیات نے تمام اداروں کو فوری اطلاق اور عملدرآمد کی ہدایات دے دی ہیں۔