بزدل یا ہتھیار دہشتگردوں کو دینے والے اہلکار برطرف ہونگے، ڈی جی لیویز
اشاعت کی تاریخ: 17th, March 2025 GMT
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیویز فورس بلوچستان عبدالغفار مگسی کا کہنا ہے کہ بزدلی کا مظاہرہ کرنے یا ہتھیار دہشت گردوں کے حوالے کرنے والے اہلکاروں کو برطرف کیا جائے گا۔
ڈی جی لیویز فورس نے صوبے میں دہشتگرد حملوں کے دوران غفلت یا بزدلی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ڈی جی لیویز کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اہلکار دہشت گردوں کے سامنے بزدلی دکھاتا ہے یا اپنی ذمہ داری میں غفلت برتتا ہے تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی اور ایسے اہلکاروں کی دوبارہ ملازمت کی درخواستیں کسی صورت منظور نہیں کی جائیں گی۔
ڈی جی لیویز نے لیویز اہلکاروں کو دہشتگرد حملوں کا فوری اور بہادری سے جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس کو دہشت گردوں کے خلاف ہر ممکن اقدام کرنا ہوں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لیویز فورس عوام کی حفاظت کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ڈی جی لیویز لیویز فورس
پڑھیں:
بلوچستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر حملہ، 2 شہید
کوئٹہ:بلوچستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہل کاروں پر فائرنگ کی گئی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور لیویز کے اہل کاروں پر اچانک فائرنگ کردی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔ واقعہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیش آیا، جہاں لیویز اہل کار پولیو مہم کے دوران بچوں کو ویکسین پلانےوالی ٹیم کی حفاظت کی ڈیوٹی پر تھے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔