کراچی: کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا سکیورٹی گارڈ دم توڑ گیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
کراچی:
کورنگی میں پیر کو تاجر سے 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سیکورٹی گارڈ جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے چار نمبر میں پیر کو ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا سیکورٹی گارڈ امیر احمد 24 گھنٹے سے زائد زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دوران علاج چل بسا۔
مقتول کے ورثا نے پولیس کارروائی کے بعد سرد خانے سے لاش وصول کی اور آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہوگئے۔ غم سے نڈھال ورثا کا کہنا تھا کہ امیر احمد کے سر میں 2 گولیاں لگی تھیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔
مقتول کے کزن نے سرد خانے پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول امیر احمد اپنی بیوی اور 4 ماہ کی بچی کا واحد کفیل تھا، ایک ماہ قبل ہی سیکورٹی کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول پہلے وزیرستان میں رہتا تھا، بعد میں ڈیرہ اسماعیل خان منتقل ہوگیا تھا، جبکہ کراچی میں گارڈز کمپنی کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔
واضح رہے پیر کو کورنگی میں پولٹری کے تاجر سے مسلح ڈاکو 25 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے، ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ بھی کی جس سے سیکیورٹی گارڈ امیر احمد کے سر پر گولی لگی تھی جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
موقع پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مسلح ملزمان رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ مسلح ملزمان کی تعداد 3 سے 4 تھی جو سفید رنگ کی آلٹو گاڑی میں سوار تھے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سرینگر؛سیاحتی مقام پہلگام میں فائرنگ ،28 سیاح ہلاک ، 20 زخمی ہوگئے
سری نگر(اوصاف نیوز) مقبوضہ جموں کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سیاح ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیاحوں میں سے کئی کا تعلق بھارتی ریاست گجرات اور کرناٹکا سے ہے۔
مقبوضہ وادی کے وزیراعلی عمر عبداللہ کا واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کئی برسوں بعد ہونے والا بڑا حملہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور ہلاک افراد کی تعداد کا تعین کیا جارہا ہے۔خیال رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب نائب امریکی صدر جی ڈی وانس بھارت میں موجود ہیں، امریکی نائب صدر نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق واقعے کے بعد بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی سری نگر پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔بھارتی میڈیاکے مطابق بعد پہلگام حملے کے بعد بھارتی شہر ممبئی کے اہم مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔