خیبر: پاک افغان حکام کی فلیگ میٹنگ کے دوران مشترکہ جرگے کے فیصلوں کی توثیق
اشاعت کی تاریخ: 19th, March 2025 GMT
پاکستان اور افغانستان کے حکام کی فلیگ میٹنگ میں دونوں ممالک کے مشترکہ جرگہ کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی اور طورخم تجارتی گزرگاہ کارگو کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے آج بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے حکام کی فلیگ میٹنگ کی جگہ تبدیل کردی گئی، فلیگ میٹنگ طورخم سرحد پاکستانی حدود میں منعقد ہونی تھی، تاہم افغان حکام کی اصرار پر فلیگ میٹنگ کی جگہ تبدیل کی گئی اور پاکستانی وفد فلیگ میٹنگ کے لئے افغان کسٹم اسٹیشن چلا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فلیگ میٹنگ طورخم سرحد کے متصل افغان کسٹم ہاوس میں ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت کمانڈنٹ خیبر رائفل کرنل عاصم کیانی نے کی۔
فلیگ میٹنگ کے دوران مشترکہ جرگہ کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی، طورخم تجارتی گزرگاہ کارگو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے آج بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج دوپہر 4 بجے تک کارگو گاڑیوں کی باقاعدہ آمدورفت شروع کی جائے گی،
پیدل آمدورفت دو تین دن کے لئے موخر ہوگی، طورخم امیگریشن سسٹم کو افغان فورسز کی فائرنگ سے نقصان پہنچا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق امیگریشن سسٹم کی مرمت تک افغانستان پیدل آمدورفت معطل ہوگی، صرف افغان مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر پاکستان امد ورفت کی اجازت دی گئی۔
سرحد کی بندش کے باعث روزانہ کی بنیاد پر پاکستانی خزانہ کو 3 ملین ڈالرز کا نقصان ہو رہا تھا۔ گزشتہ 25 دنوں میں تجارتی گزرگاہ کی بندش سے 75 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزا، پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا
لاہور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج سہ پہر ڈھائی بجے پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو سنائی گئی سزاؤں کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کریں گے، جس میں لاہور اور سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالتوں کے حالیہ فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔
عدالتوں نے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں جن میں اپوزیشن لیڈر جناب احمد خان بھچر، ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں، کو 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
اجلاس میں عدالتی فیصلوں کے خلاف ممکنہ قانونی راستے، بالخصوص اعلیٰ عدالتوں میں اپیل دائر کرنے کے آپشنز پر مشاورت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور آئندہ لائحہ عمل بھی زیر غور آئے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد تین بجے پی ٹی آئی رہنما پنجاب اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، جس میں عدالتی فیصلے، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔