کراچی کے فور منصوبے پر 50 فیصد کام مکمل ہوچکا، چیئرمین واپڈا
اشاعت کی تاریخ: 19th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ ’’کے فور‘‘ منصوبے پر 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، منصوبے کے تحت پانی کراچی پہنچا دیا جائے گا تاہم پانی کی تقسیم کا معاملہ الگ ہے جسے پورا کرنے کیلیے تین سال لگیں گے۔
سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی آبی وسا کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں اور مختلف دیگر امور پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری آبی وسائل کی قائمہ کمیٹی کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سیکرٹری آبی وسائل نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے 33 نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں، یہ تمام منصوبے واٹر سیکٹر کے ہیں، رواں مالی سال 59 منصوبے پر کام جاری ہے، رواں سال جاری منصوبوں میں سے 10 منصوبے اس سال مکمل ہو جائیں گے، آئندہ مالی سال سندھ بیراج کی فیزبیلٹی سٹڈی کرنے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں میں بلوچستان کا کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے، آئندہ مالی سال سندھ کیلئے 3، خیبرپختونخوا کیلئے 19 اورپنجاب کے 7 منصوبے شامل ہیں، صوبوں نے منصوبوں کو پلاننگ کمیشن کو منظوری کیلئے بھجوایا ہے۔
اجلاس میں کراچی کو صاف پانی کے سب سے بڑے منصوبے کے بارے میں بھی معاملہ زیر بحث آیا، کراچی کو صاف پانی سپلائی کے اہم منصوبے کے فور پر بریفنگ دی گئی۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور نے کہا کہ کراچی کو 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا، منصوبے پر ستمبر 2022ء میں کام کا آغاز ہوا، جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔
چیئرمین واپڈا نے بریفنگ دی کہ کے فور منصوبے پر 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے فنانسنگ کی بروقت فراہمی ضروری ہے، منصوبے کے تحت پانی کراچی پہنچا دیا جائے گا، کراچی میں پانی کی تقسیم کیلئے الگ طریقہ کار بنانا ہے، کراچی میں تقسیم کاری کے طریقہ کار ابھی طے نہیں ہوا، اس کام کو مکمل کرنے کیلئے کم از کم دو سے تین سال لگیں گے، ابھی تک کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے پانی کی تقسیم کیلئے ٹینڈر جاری نہیں کیا۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یہ تو بجلی کی پیداوار کی طرح ہوگیا، بجلی کی پیداوار زیادہ ہے جبکہ ترسیل کا کوئی نظام نہیں ہے۔
قائمہ کمیٹی نے ہدایت دی کہ وفاقی وزیر اس معاملے پر سندھ حکومت سے بات کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آئندہ مالی سال نے کہا کہ جائے گا کے فور
پڑھیں:
آئی ایم ایف کا وفاقی بجٹ سے ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ
عالمی ترقیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ترقیاتی بجٹ سے صوبائی نوعیت کے ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔مطالبے میں کہا گیا کہ وفاق 18 ویں ترمیم کے بعد منتقل صوبائی منصوبوں پر ترقیاتی بجٹ خرچ نہ کرے، جس کے بعد وفاق آئندہ بجٹ میں 168 صوبائی ترقیاتی منصوبے وفاقی بجٹ سے نکالنے پر مجبور ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی نوعیت کے 168 ترقیاتی منصوبوں کی لاگت 1100 ارب روپے ہے، جبکہ صوبائی نوعیت کے 168 ترقیاتی منصوبوں پر وفاق 300 ارب روپے خرچ کرچکا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے صوبائی نوعیت کے 168 منصوبوں پر مزید خرچ کرنے سے روک دیا ہے. ان منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے وفاق کو مزید 800 ارب روپے خرچ کرنا تھے. تاہم اب 168 صوبائی نوعیت کے منصوبے صوبائی ترقیاتی بجٹ سے مکمل کیے جاسکتے ہیں۔