ہولناک واقعات؛ ماں کا گلا کاٹ دیا گیا، باپ پر فائرنگ، بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل
اشاعت کی تاریخ: 20th, March 2025 GMT
پنجاب / پختونخوا: ملک کے مختلف علاقوں میں خونی رشتوں کے درمیان جھگڑے، حملے اور قتل کے ہولناک واقعات پیش آئے، جس میں بیٹے نے ماں کا گلا کاٹ دیا، باپ پر بیٹے نے گولی چلادی، بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل اور داماد نے جھگڑے کے بعد اپنے گلے پر چھری پھیرلی۔
ماں کا گلا کاٹ کر قتل کردیا
ایکسپریس نیوز کے مطابق ساہیوال کے علاقے پاک ایونیو کالونی میں 17سالہ نوجوان نے اپنی والدہ کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ارسلان کی والدہ نے آشنا کو ملنے کے لیے گھر بلایا، تو ملزم دیکھ کر طیش میں آگیا اور غیرت کے نام پر تیز دھار آلے سے والدہ کا گلا کاٹ دیا۔
دریں اثنا کالونی کے سکیورٹی گارڈز نے ملزم کو پکڑ پولیس کے حوالے کر دیا۔ فرید ٹاؤن پولیس نے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کرپوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی۔
بدبخت بیٹے کی باپ پر فائرنگ
دوسری جانب سرگودھا کے علاقے شاہ پور میں بدبخت بیٹے نے باپ کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق 55 سالہ محمد ممتاز کابیٹے سے جھگڑا ہواتھا، جس پر بیٹے نے باپ کو 8 گولیاں ماریں۔ فائرنگ کے بعد زخمی باپ کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیاہے جب کہ ملزم بیٹا فرار ہوگیا۔
بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل
اُدھر ڈی آئی خان کے علاقے پنیالہ سید آباد میں بھائی نے فائرنگ کرکے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش ٹراما سینٹر منتقل کی۔
داماد نے گلے پر چھری چلالی
علاوہ ازیں قصور کے علاقے راجہ جنگ میں گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران داماد نے خود اپنی گردن پر چھری پھیر لی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چوہنگ لاہور کا رہائشی محمد نوید اپنے سسرال آیا ہوا تھا، جہاں اس کا جھگڑا ہوا۔ زخمی کو بلھے شاہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
جائیداد کے تنازع پر چچازاد بھائیوں میں فائرنگ
دریں اثنا اپر دیر کے علاقے قشقارے میں جائیداد کے تنازع پر چچا زاد بھائیوں کے مابین فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسپتال منتقل کے مطابق کے علاقے پولیس کے بیٹے نے
پڑھیں:
کراچی میں پولیس اہلکار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مومن آباد تھانے کے پولیس اہلکاروں کی شہریوں سے رشوت وصولی کے ثبوت سامنے آگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے تھانہ مومن آباد کے پولیس اہلکاروں نے ناکہ لگا کر شہریوں سے رشوت وصول کی جس کی خفیہ طریقے سے بنی ہوئی ویڈیو سامنے آگئی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم جاری کر دیا،
اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق مومن آباد تھانے میں تعینات 2 پولیس اہلکاروں کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کا ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الہی مستوئی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے پولیس ہیڈ کوارٹر ویسٹ زون تبادلہ کر دیا۔
ایس ایس پی نے ڈی ایس پی اورنگی کو واقعے کی غیر جانبدار انکوائری کی ہدایت جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، محکمہ پولیس میں بدعنوانی یا غیر قانونی رویے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، غفلت یا غیر قانونی عمل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اہلکاروں کی شہریوں کو چیکنگ کی آڑ میں روک کر اسلحہ ہاتھ میں لیکر رشوت وصولی کی وائرل ہونے والی ڈیڈیو کے حوالے سے ایس ایچ او مومن آباد معراج انور نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے دونوں پولیس کانسٹیبلز کی شناخت قربان اور مختیار کے نام سے کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو کچھ عرصہ پرانی ہے تاہم منظر عام پر آنے کے بعد افسران کی جانب سے فوری ایکشن لیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار جو کہ سر پر پولیس کیپ اور چہرے پر ماسک لگائے چیکنگ کے آڑ میں انتہائی خطرناک اندازہ میں اسلحہ پستول لیکر شہریوں کے پرس اور ان کی جیبوں میں ہاتھ ڈالتے ہوئے دکھائی دیا جبکہ ایک ویڈیو میں وہ کاندھے پر سرکاری ایس ایم جی بھی لٹکائے ہوئے دکھائی دیا۔
واضح رہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 پولیس اہلکاروں کو سڑک کنارے کھڑے ہو کر شہریوں کی چیکنگ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے اور اس حوالے مرتب کی گئی ایس او پی کے تحت ہی پولیس کو اسنیپ چیکنگ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔