ڈیرہ اسماعیل خان؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 خوارج ہلاک، کیپٹن شہید
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
ڈی آئی خان:
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں سے بہادری سےلڑتے ہوئے پاک فوج کا کیپٹن شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔
بیان میں کہا کہ کارروائی کے دوران اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا اور مؤثر انداز میں کارروائی کی اور آپریشن کے نتیجے میں تمام 10 خوارج واصل جہنم ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پنجاب کے ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ کیپٹن حسنین اختراپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے مادرِ وطن پر قربان ہوئے اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔
کیپٹن حسنین ایک نڈر اور بہادر افسر تھے، اپنے جرات مندانہ اور دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے جانے جاتے تھے اور کئی کامیاب آپریشنز میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
چیک ریپبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی
چیک ریپبلک کے مشرقی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیک وزارتِ دفاع اور فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کے روز نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر پیش آیا جو دارالحکومت پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر UH-1Y Venom تھا، جس میں مجموعی طور پر 5 فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی تربیتی سرگرمی کے سلسلے میں پرواز کر رہا تھا، تاہم حکام نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوج نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہیں۔
چیک حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں، آیا حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کے نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔