فلسطینیوں کے ’رضاکارانہ انخلا‘ کے لیے نیا اسرائیلی ڈھانچا
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 24 مارچ 2025ء) اسرائیل غزہ پٹی سے فلسطینیوں کے ''رضاکارانہ‘‘ انخلا کے لیے ایک نیا انتظامی ڈھانچا قائم کر رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی اس تجویز کی منظوری دے دی ہے کہ ایک ایسی نئی اتھارٹی قائم کی جائے، جو ''غزہ کے رہائشیوں کے محفوظ اور منظم طریقے سے کسی تیسرے ملک کو رضاکارانہ انخلا کی تیاری‘‘ کی ذمہ دار ہو۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ نیا انتظامی ڈھانچا وزارت دفاع کے تحت کام کرے گا۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی تھی کہ غزہ میں بسنے والے دو ملین فلسطینیوں کو دیگر عرب ممالک میں بسایا جانا چاہیے، جب کہ غزہ پٹی کو امریکہ اپنے قبضے میں لے کر اسے''مشرق وسطیٰ کا ایک عمدہ سیاحتی مرکز‘‘ بنانا چاہتا ہے۔
(جاری ہے)
اس تجویز کا اسرائیل نے تو خیرمقدم کیا تھا تاہم اسرائیل کے بیشتر عرب ہمسایہ ممالک، خصوصاً مصر نے اسے کلی طور پر مسترد کر دیا تھا۔
نیتن یاہو کی ترجمان کے مطابق جو لوگ غزہ چھوڑنا چاہتے ہیں، انہیں ''اسرائیلی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اور صدر ٹرمپ کے وژن کے تحت‘‘ اس عمل کی اجازت دی جانا چاہیے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ غزہ چھوڑنے والے یہ فلسطینی کس ملک میں بسائے جائیں گے۔
اسرائیلی تنظیم برائے امن ''پیس ناؤ‘‘ نے اس اقدام کی مذمت کی ہے اور اسے ''نہ مٹنے والا داغ‘‘ قرار دیا ہے۔
اس تنظیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ''جب کسی جگہ زندگی کو بمباری اور محاصرے کے ذریعے ناقابل برداشت بنا دیا جائے، تو لوگوں کا انخلا ہرگز 'رضاکارانہ‘ نہیں ہوتا۔‘‘فروری میں اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے ملکی فوج کو ہدایت کی تھی کہ وہ صدر ٹرمپ کی اس تجویز پر عمل درآمد کے لیے منصوبہ تیار کرے، جس میں غزہ سے فلسطینیوں کی کسی اور مقام پر آبادکاری کا خاکہ وضع کیا گیا ہو۔
گزشتہ ہفتے اسرائیل نے غزہ پر تازہ حملوں کا آغاز کیا تھا، جس سے جنوری میںحماس کے ساتھ ہونے والی عارضی جنگ بندیعملاﹰ ختم ہو گئی تھی۔ تب سے اب تک ان اسرائیلی حملوں میں غزہ پٹی میں مزید سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ع ت/ ک م، م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
غزہ، مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 7 زخمی
اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے مزاحمتی حملہ کے بعد زخمیوں کو علاقے سے نکالا۔ چند روز قبل غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت حانون میں القسام بریگیڈز کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں ایک اسرائیلی افسر ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ شمالی غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی میں جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے مزاحمتی حملہ کے بعد زخمیوں کو علاقے سے نکالا۔ چند روز قبل غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت حانون میں القسام بریگیڈز کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں ایک اسرائیلی افسر ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔