اسلامی نظریہ کونسل: پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی، انسانی دودھ بنک سے متعلق فیصلہ نہ ہو سکا
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) اسلامی نظریہ کونسل کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس کا دوسرا دور آج ہوگا۔ چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی صدارت میں منعقد اجلاس میں ہیومن ملک بینک کے حوالے سے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے کونسل کو بریفنگ دی۔ گولڈن جوبلی کے حوالے سے کونسل کی یادگاری ٹکٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔ اجلاس میں اراکین کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ظفر اقبال چوہدری، جسٹس الطاف ابراہیم قریشی، ڈاکٹر انتخاب نوری، علامہ یوسف اعوان، سید سعید الحسن، عتیق الرحمان بخاری، شمس الرحمان مشہدی، عزیر عزیز، حافظ محمد امجد، علامہ افتخار حسین نقوی، رانا محمد شفیق خان، جلال الدین، مفتی محمد زبیر شریک ہوئے۔ اجلاس میں بحث کے لیے پیش کیے جانے والے نکات میں انسانی دودھ کے بینک (Human Milk Bank) کا قیام، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں قادیانیوں سے متعلق متنازعہ اقتباسات اور نظرثانی کی درخواست میں عدالت کا فیصلے کے معترضہ حصہ کو غیر موثر قرار دینا، بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی شادی معاہدہ ختم کر سکتی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ زکوۃ فنڈ کو سرمایہ کاری کی غرض سے اسلامی بینکوں میں رکھنا، خواتین کو وراثت سے محروم کرنے والی رسموں کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ، بجلی چوری کے خلاف مہم میں علماء کرام سے خطبات میں احکامات اور فتویٰ جاری کرنے کی استدعا کی جائے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران انسانی دودھ بینک کے قیام پر فیصلہ نہ ہو سکا۔ ذرائع نے کہا کہ انسانی دودھ بنک کے قیام کے معاملے پر بحث آئندہ اجلاس میں بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں دوسری شادی کیلئے پہلی بیوی سے اجازت لینے کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ ذرائع نے کہا کہ اس معاملے پر بھی کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے بھیجے گئے 28 سوالات کے جوابات دیئے گئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اجلاس میں
پڑھیں:
بھارتی اقدامات کے بعد قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا، خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کونسل اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم نے بھی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد بھر پور جواب دیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی اقدامات کے بعد قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم محمد شہباز شریف کریں گے، اعلیٰ و عسکری قیادت اجلاس میں شرکت کرے گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کونسل اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد بھر پور جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کو بہانہ بنا کر پاکستان سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد بھارت نے پاکستانیوں کو سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔