پاکستان کے جوہری پروگرام کیلئے ٹیکنالوجی سمگل کرنے کے الزام میں کینیڈین شہری گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 29th, March 2025 GMT
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2025ء ) پاکستان کے جوہری پروگرام کے لیے ٹیکنالوجی سمگل کرنے کے الزام میں کینیڈین شہری کو امریکہ میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ انصاف سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد کینیڈین شہری محمد جاوید عزیز عرف جے صدیقی کو امریکی ایکسپورٹ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاکھوں ڈالر مالیت کی امریکی ٹیکنالوجی سے متعلقہ مصنوعات مبینہ طور پر پاکستان کی فوج کے عسکری پروگرام سے منسلک کمپنیوں کو سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، 67 سالہ دوہری شہریت کے حامل پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کو 21 مارچ کو واشنگٹن کے مغربی ڈسٹرکٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کینیڈا سے امریکہ داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم کو امریکی حکام کی جانب سے منیسوٹا منتقل کرنے سے قبل زیر حراست رکھا گیا۔
(جاری ہے)
امریکی محکمہ انصاف کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے 2003ء سے مارچ 2019ء کے دوران کینیڈا میں قائم ایک ڈائیورسیفائڈ ٹیکنالوجی سروسز نامی کمپنی کے ذریعے غیر قانونی خرید و فروخت کا نیٹ ورک قائم کیا، جس کا مقصد پاکستان میں ممنوعہ اداروں کی جانب سے امریکی نژاد سامان حاصل کرنا تھا جو ملک کے جوہری میزائل اور ڈرون پروگراموں سے منسلک تھے، ملزم نے کینیڈا میں قائم کمپنی کے ذریعے پاکستان کے عسکری پروگرام سے منسلک کمپنیوں کے لیے کچھ ایسا حساس اور ممنوعہ سامان بھی حاصل کیا جو ناصرف امریکہ کے برآمدی قوانین کے خلاف تھا بلکہ وہ امریکی کمرشل کنٹرول لسٹ میں بھی شامل تھا۔ اعلامیے سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم اور اس کے معاونین نے سامان کی ترسیل میں اصل کمپنیوں کی شناخت چھپانے کے لیے فرنٹ اینڈ یعنی جعلی کمپنیوں کا نام استعمال کیا اور اس سامان کو ان اداروں تک کسی تیسرے ملک کے ذریعے بھجوایا، امریکہ کی ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹیگیشن کا ادارہ، ایف بی آئی، امریکی محکمہ کامرس کا بیورو آف انڈسٹری اینڈ سکیورٹی اس معاملے کی چھان بین کر رہا ہے، پاکستانی نژاد کینیڈین شہری پر امریکہ کا انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاور ایکٹ اور امریکی ایکسپورٹ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ہے، دونوں قوانین کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ملزم کو 5 سال اور 20 سال جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے کینیڈین شہری
پڑھیں:
امریکا کے دوبارہ ایٹمی تجربات دنیا کے امن کے لیے خطرہ، ایران
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے امریکی جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کا جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ غیرذمے دارانہ ہے، ایک شرپسند ملک جوہری ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس شرپسند ملک دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 33 سال بعد امریکی ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ سے بحال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے جوہری ہتھیاروں کی جانچ برابری کی بنیاد پر فوراً شروع کرے گا۔
برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ فیصلہ چین و روس کے بڑھتے جوہری پروگراموں کے ردِعمل میں کیا گیا۔