عید الفطر کے دوران پنجاب میں عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
لاہور:
عید الفطر کے دوران پنجاب میں عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنرز کے نام مراسلہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پابندی کا اطلاق پنجاب بھر میں ہوگا۔
عید کے دوران تفریحی پارکوں میں بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔ شہری کھیل کے میدانوں، گیمنگ زونز اور مکینیکل جھولوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ان مقامات کا رخ کریں گے۔
تفریحی پارکس، تھیم پارکس اور پلے ایریاز میں مستقل بنیادوں پر لگائے گئے مکینیکل جھولوں کی مشروط اجازت ہوگی۔
مستقل بنیادوں پر لگائے گئے جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا۔ مستقل نصب جھولوں کے حفاظتی معائنے اور تمام ریگولیٹری معیارات پر عمل درآمد بارے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تصدیقی سرٹیفکیٹ لازم قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا جو 24 گھنٹے پنجاب بھر سے رپورٹس مرتب کرے گا۔ امن و امان کا قیام اور حکومتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، سینیئر افسران کی قیادت میں عید کی چھٹیوں میں کام جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: دیا گیا
پڑھیں:
نئے پراپرٹی آرڈیننس سے قبضہ مافیا کا مستقل راستہ روک دیا: عظمیٰ بخاری
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں غریب اور کمزور طبقے کی زمینوں پر قبضے کا مستقل خاتمہ کر دیا، نئے پراپرٹی آرڈیننس کی منظوری سے قبضہ مافیا کا ہمیشہ کے لیے راستہ روک دیا گیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ماضی میں 40، 40 سال تک زمینوں پر قبضے کے کیسز عدالتوں میں چلتے رہتے تھے لیکن فیصلے نہیں آتے تھے جبکہ اب اس آرڈیننس کے تحت ہر کیس کا فیصلہ 90 روز میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے نظام کو حقیقت میں "ریاست ہو گی ماں" کے تصور پر استوار کر رہی ہیں، جہاں عوام کے حقوق کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور کمزور طبقے کی مدد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پنجاب میں کسی کو غیر قانونی سرگرمیوں، اسلحے کی نمائش یا شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ترقی اور گورننس کا جو نیا رجحان متعارف کروایا گیا ہے، وہ اب دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے روزانہ نئے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہیں اور صوبے کے تمام منصوبوں میں وسائل کا درست استعمال، میرٹ اور شفافیت حکومت کی پہچان بن چکے ہیں۔