کراچی ائیرپورٹ: گداگری، دھوکا دہی اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے گداگری، دھوکا دہی اور جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پہلی کارروائی میں بھیک مانگنے میں ملوث خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا، مسافر خاتون کی شناخت مائی داملو کے نام سے ہوئی، خاتون مسافر وزٹ ویزا پر مبینہ طور پر بھیک مانگنے کی غرض سے یو اے ای جا رہی تھی، مذکورہ مسافر کا نام آئی بی ایم ایس سسٹم میں ہٹ ہوا، آئی بی ایم ایس کے مطابق مذکورہ مسافر سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ ہو چکی تھی۔
دوسری کارروائی میں جعلی شناخت پر غیر قانونی شہریت حاصل کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا گیا، مسافر ایتھوپین ائیر لائن سے پاکستان پہنچا، مسافر ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچا جس پر "ڈی پورٹیشن" کی مہر ثبت تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے جنوبی افریقا کی شہریت غیر قانونی طریقے سے حاصل کی تھی۔
مسافر کا اصل نام پاکستانی برتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق علی رضا ہے جبکہ جنوبی افریقا کے پاسپورٹ پر اس کا نام سلیمان غانچی رضا درج ہے۔ مزید براں مسافر غیر قانونی طریقے سے جنوبی افریقا سے زمبابوے داخل ہوا، جہاں اسے گرفتار کر کے 2 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا بعد ازاں، پاکستانی سفارت خانے نے اس کی پاکستانی شناخت کی تصدیق کر کے ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا اور اسے پاکستان واپس بھیج دیا۔
تیسری کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے سعودی عرب جانے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا، مسافر کی شناخت محمد صالح کے نام سے ہوئی، مسافر کے پاسپورٹ پر مبینہ طور پر ٹیمپرنگ پائی گئی، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاس جعلی کینیڈین ویزا تھا، جو ایک ایجنٹ نے فراہم کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق اس نے سوشل میڈیا پر سید غلام شاہ عباس نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا، ایجنٹ نے اسے کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دیا، ایجنٹ نے 5 لاکھ روپے میں جعلی ویزا فراہم کرنے کے معاملات طے کیے، جس کے لیے مختلف ایزی پیسہ اور جاز کیش کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر سے جعلی ویزے اور جعلی کینیڈین اسٹیمپ کی تصاویر بھی برآمد ہوئیں، مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
کراچی: 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا
فائل فوٹوکراچی میں جیکسن کے علاقے میں بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 6 سالہ بچی کی لاش آج دوپہر کو جیکسن کے علاقے سے ملی تھی، ملزم کی گرفتاری کے لیے جیسے ہی پولیس پہنچی، اُس نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوگیا، جس کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کل دوپہر کو لاپتا ہوئی تھی، آج اس کی لاش ملی، ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بھی بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔