کراچی: عید کے تیسرے روز ڈکیتی مزاحمت پر شہری قتل، ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
کراچی میں عیدالفطر کے تیسرے روز ڈکیتی پر مزاحمت کے دوران شہری کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ ساؤتھ پولیس نے ڈیفنس فیز ٹو میں کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
شہری عامر سلطان کو عید کے تیسرے دن ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا، ملزمان کو ٹیکنیکل ٹیم کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، تینوں عادی مجرم ہیں اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔