وزیراعظم شہباز شریف کا لوئر دیر میں دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
منسک / اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ملک کے دشمنوں کو ان کے انجام تک پہنچایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سمیت دو دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی جرات، عزم اور مہارت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر قوم کی جانب سے سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری فورسز کی مسلسل قربانیوں اور عزم کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا، “انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔” انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
یہ بیان وزیراعظم نے بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں اپنے دورے کے دوران جاری کیا، جہاں وہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
Post Views: 3.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مودی کا امتحانی پرچے لیک کرنے والوں کے خلاف فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیےفاسٹ ٹریک عدالتیںقائم کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امتحانی نظام میں بدعنوانی یا پرچے لیک کرنے جیسے جرائم میں ملوث عناصر کو سخت اور فوری سزا دی جائے گی۔
یہ امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے معاملے پر وزیراعظم مودی کا پہلا عوامی بیان ہے۔ تاہم ان کے ردعمل کے بعد بھی ملک بھر میں جاری طلبہ احتجاج میں کمی نہیں آئی۔ متعدد طلبہ اور سماجی حلقوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے اس حساس معاملے پر ردعمل دینے میں اتنی تاخیر کیوں کی۔
دوسری جانب لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیراعظم کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکومت پر تعلیمی نظام کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔
راہل گاندھی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو سب سے زیادہ نقصان موجودہ حکومت نے پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے نہ صرف تعلیمی نظام کو تباہ ہونے دیا بلکہ ذمہ دار افراد کو بھی تحفظ فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے طلبہ کے تین بنیادی مطالبات ہیں، جن میں وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کو عہدے سے ہٹانا، طلبہ سے باضابطہ معافی مانگنا اور احتجاج کے دوران طلبہ پر مبینہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں تعلیمی اصلاحات اور امتحانی نظام میں شفافیت کے مطالبات کے حوالے سے احتجاجی تحریک جاری ہے۔ حالیہ دنوں میں طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد یہ معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ امتحانی پرچے لیک ہونے کے واقعات نے بھارت کے تعلیمی نظام پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔