صدر زرداری کا کرونا ٹیسٹ منفی، ہسپتال سے چھٹی مل گئی
اشاعت کی تاریخ: 12th, April 2025 GMT
کراچی (نوائے وقت رپورٹ ) صدر مملکت آصف زرداری روبصحت ہوگئے جس کے بعد انہیں ہسپتال سے چھٹی مل گئی۔صدر مملکت کئی روز سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ صدر مملکت کے معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے صدر آصف علی زرداری کا کرونا ریپڈ ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد ہسپتال سے چھٹی مل گئی۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد صدر زرداری کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹرز نے صدر آصف زرداری کو مزید فزیو تھراپی کا مشورہ دیا ہے۔خیال رہے صدر مملکت کو عید الفطر کی رات نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ صدر مملکت 10 دن سے زائد ہسپتال میں زیر علاج رہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ہسپتال سے صدر مملکت
پڑھیں:
سعودی سفیر کی ملاقات، باہمی تعلقات کو وسعت دینا دونوں ممالک کیلئے مفید: صدر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت، معیشت و ثقافت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا دونوں ممالک کے لیے مفید ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی معاونت پر شکرگزار ہیں۔