بائیڈن کا ٹرمپ پر کڑا وار: نئی حکومت نے قلیل مدت میں شدید نقصان پہنچایا
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
شکاگو: امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن نے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی ٹرمپ انتظامیہ نے بہت کم وقت میں ملک کو غیر معمولی نقصان پہنچایا ہے۔
شکاگو میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ اب تک 7 ہزار سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا چکا ہے، اور یہ واضح ہے کہ ٹرمپ حکومت کا نشانہ متوسط طبقہ اور ملازمت پیشہ افراد ہیں، تاکہ صرف ان کے امیر دوستوں کو فائدہ پہنچے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ صدر ٹرمپ سماجی سلامتی پروگرام کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں اور ان کی کٹوتیوں سے عمر رسیدہ امریکیوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچے گا۔
دوسری جانب، بائیڈن کے خطاب سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے طنزیہ انداز میں بیان دیا کہ حیرت ہے بائیڈن رات کو خطاب کریں گے، کیونکہ اس وقت تک تو ان کے سونے کا وقت ہو چکا ہوتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فالس فلیگ کی آڑ میں مہم جوئی کا انجام خطرناک ہوگا،عظمیٰ بخاری کا بھارت کو انتباہ
لاہور :وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی فالس فلیگ کے حالیہ ڈرامے پر ردعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے بھارتی حکومت کو سخت تنبیہ کی ہے کہ پاکستان کو کسی بھی ممکنہ جارحیت کے لیے تیار پایا جائے گا۔عظمٰی بخاری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام خود سوال اٹھا رہے ہیں کہ سری نگر جیسے حساس علاقے میں، جہاں 7 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، اس نوعیت کا حملہ کیسے ممکن ہوا؟
انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری اب یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ پچھلے حملوں کی رپورٹس کہاں گئیں؟ یہ تمام سوالات خود بھارت کے اندر سے اٹھ رہے ہیں، جو اس واقعے کو فالس فلیگ قرار دینے کے لیے کافی ہیں۔یہ ہمیشہ کی طرح ایک بزدلانہ کوشش ہے، اور بھارت نے ماضی میں بھی ایسے ہی حربے آزمائے ہیں تاکہ الزام پاکستان پر لگایا جا سکے۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ”میں نے سنا ہے کہ گیدڑ بھبکیاں دی جا رہی ہیں۔ ہماری چائے واقعی بہت اچھی ہے، لیکن ہم ہر بار چائے نہیں پلایا کرتے۔ ایک آدھ بار مہمان آ جائے تو خیر ہے، لیکن اگر مہمان زیادہ ہوں تو پاکستان کی فوج، عوام اور حکومت اس کا جواب دینا خوب جانتے ہیں۔”
عظمیٰ بخاری نے خبردار کیا کہ اگر بھارت اس فالس فلیگ کو بنیاد بنا کر کسی قسم کی مہم جوئی کا ارادہ رکھتا ہے تو یہ اس کی بہت بڑی بھول ہوگی۔ ماضی کی طرح اس بار بھی پاکستان ہر سطح پر مؤثر جواب دے گا۔