بھارتی اقدامات نے ہمیشہ خطے کے امن کو داؤ پر لگایا،یوسف رضا گیلانی
اشاعت کی تاریخ: 25th, April 2025 GMT
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس دلخراش واقعہ میں جانی نقصان پر چیئرمین سینیٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں اور پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات بد نیتی پر مبنی ہیں۔ بھارت بھوکلاہٹ کا شکار ہے اور پاکستان پر الزامات عائد کرنے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو بھی قابل مذمت فعل قرار دیا اور کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے ان ہتھکنڈوں کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اقدامات نے ہمیشہ خطے کے امن کو داؤ پر لگایا ہے، اور اس طرز عمل سے نہ صرف علاقائی استحکام متاثر ہو رہا ہے بلکہ عالمی امن بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا، صدر مملکت
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کراچی میں اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں اور کمیٹی نے پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے۔ پوری قوم سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع الْحَمْدُ لِلَّهِ ناقابل تسخیر ہے۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے تناظر میں صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے متعلق بریف کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے جوابی اقدامات سے صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے بروقت، فوری اور دور اندیش قومی اقدامات اور فیصلوں کو سراہا۔