کراچی،را ایجنٹوں کی گرفتاری کیلیے انٹیلی جنس نیٹ ورک متحرک
اشاعت کی تاریخ: 27th, April 2025 GMT
کراچی:
قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شہر میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کیلیے کام کرنیوالے ملکی و غیر ملکی ایجنٹوں کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع پر ان کی تلاش کیلیے اپنے نیٹ ورک کو ٹاسک دیدیا، یہ بات قانون نافذ کرنے والے ایک افسر نے بتائی.
انھوں نے بتایا کہ کراچی میں افرا تفری پھیلانے اور دہشت گردی کی وارداتوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے لیے بھاری معاوضے کی لالچ دے کر سرکاری افسران اور ملک کی اہم شخصیات کی آمد و رفت کے بارے میں مخبری کرنے والے ایجنٹوں کی گرفتاری کیلیے اہم ٹاسک دیا گیا ہے.
انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں غربت اور بے روزگاری کے مسائل میں پھنسے نوجوان لڑکے ولڑکیوں کو بھاری معاوضے کے عوض نجی کمپنیاں بنا کر اس میں بھاری معاوضے پر نوکریاں دی گئیں ہیں.
انھوں نے بتایا کہ را کے ایجنٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر لیاری، کیماڑی ، بلدیہ ٹاؤن، جمشید روڈ ، جہانگیر روڈ ، گلشن اقبال ، ڈسٹرکٹ ملیر اور کورنگی کے بیشتر علاقوں میں انٹیلی جنس کا جال بچھا دیا گیا ہے جبکہ کلفٹن ، ڈیفنس سمیت دیگر پوش علاقوں میں اسٹیٹ ایجنٹوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے کہ وہ کونسے ملکی و غیر ملکی افراد ہیں جو گزشتہ دنوں علاقوں میں شفٹ ہوئے ہیں.
انھوں نے بتایا کہ شہر کی اہم تنصیبات اور اہم اشخصیات تک رسائی کے لیے را کی ایجنٹ خوبرو دوشیزاؤں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں، خوبرو دوشیزاؤں میں بیشتر غیر ملکیوں کو استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے.
قانون نافذ کرنے والے ادارے نے شہریوں کو ہدایات دیں ہیں کہ کسی بھی نئے یا مشکوک شخص کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع فوری طور پر رینجرز یا پولیس کو دیں جبکہ اسٹیٹ ایجنٹ کسی بھی شخص کو مکان ، فلیٹ یا پورشن کرائے پر دینے یا فروخت کرنے سے پہلے علاقہ پولیس کو ضرور آگاہ کریں، بغیر علاقہ پولیس کے اجازت نامے کے مکان ، فلیٹ یا دکان کرائے پر دینے یا فروخت کرنے والے کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ مشکوک افراد کی اطلاع دینے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایجنٹوں کی کرنے والے کی اطلاع
پڑھیں:
کراچی، گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے باپ اور بیٹا جاں بحق
شہر قائد کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن روٹ ڈی 11 منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب گھر کے اندر کرنٹ لگنے کے افسوسناک واقعے میں باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے ۔
متوفین کی لاشیں ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائیں، جن کی شناخت 65 سالہ کرامت اور بیٹے کو 18 سالہ بلال کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا ملک مظہر اعوان نے بتایا کہ واقعہ گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے بتایا جا رہا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
متوفی کرامت کے بھانجے اسرار شاہ نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کے غیر قانونی کنڈوں کی بھرمار ہے اور گھر کے قریب سے جانے والے بجلی کے تار سے میرے ماموں اور ان کے بیٹے کو کرنٹ لگا۔
انھوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد کے الیکٹرک کا عملہ اور گاڑیاں بھی مہران ٹاؤن میں آئی اور انھوں نے کنڈے کے تار بھی کاٹے ہیں اس موقع پر علاقہ مکینوں کی جانب سے عملے کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ باپ اور بیٹے کی ہلاکت پر مکینوں میں شدید غم و غصے بھی پایا جاتا ہے۔
اسرار شاہ نے مزید بتایا کہ باپ اور بیٹے کی میتیوں کو آبائی علاقے مانسہرہ اوگی لیجایا جائیگا، متوفی کرامت 7 بچوں کا پاپ تھا جس میں 2 بیٹیاں اور 5 بیٹے ہیں۔
پولیس نے ضابطے کی کارورائی کے بعد متوفین باپ اور بیٹے کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیا جنھیں بعدازاں چھیپا سرد خانے میں رکھوا دیا گیا ۔