رانا ثنا اللہ سے امریکی عہدیدار کی ملاقات، علاقائی سلامتی اور اسٹریٹجک مفادات سے متعلق بات چیت۔
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان سے امریکی سفارتخانے کے سیاسی مشیر زیک ہارکن رائیڈر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی و عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن، ترقی اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دیتا رہا ہے۔
ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی وفد نے پاکستانی افواج اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں فریقین نے دہشتگردی، منی لانڈرنگ اور انتہاپسندی جیسے مشترکہ چیلنجز کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان نے پرامن اور خوشحال خطے کے لیے ہردم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہونے چاہئیں تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی، ترقیاتی تعاون اور اسٹریٹجک مفادات پر کھل کر گفتگو کی گئی۔
رانا ثناء اللہ خان نے امریکی حکام کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کے اعتراف کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایسے روابط سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مودی پہلگام فالز فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے ،رانا تنویر حسین
نارنگ منڈی، شرقپور: وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مودی پہلگام فالز فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے۔
پنجاب کے علاقے نارنگ منڈی اور شرقپور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ جنگی اقدام مودی کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا، پاکستان ایٹمی قوت ہے، بری نیت سے آنکھ اٹھانے والا مدتوں یاد رکھے گا،امریکہ نےپہلی بار نیوٹرل رہنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے، پہلگام واقعہ میں پاکستان شامل نہیں، ہم پہلگام واقعہ کی مذمت کرکے غیرجانبدار انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کی سفارتی پوزیشن بہتر ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار دوست ممالک سے رابطے میں ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام افواج اور اداروں کے ساتھ مگر بدقسمتی سے بانی پی ٹی آئی آج بھی دشمن کے ساتھ کھڑا ہے،پاک بھارت کشیدگی قوم اور ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، سیاسی نہیں جس پر بانی کی منتیں کی جائیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ انڈیا نے اگر کوئی ایڈوینچر کیا تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ انڈیا کا بچہ بچہ یاد رکھے گا، پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ یہ معرکہ کامیاب طریقے سے سر کریں، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے، عالمی دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان اس دہشت گردی میں ملوث نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا کو علم ہے کہ بھارت پاکستان پر بھونڈا الزام لگا رہا ہے، مودی سرکار ہوش کے ناخن لے اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، انڈیا کے اندر بھی مودی سرکار کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، مودی سرکار ایک پلاننگ کے تحت قانون سازی کرکے اسے مسلمانوں کے خلاف استعمال کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی نے پاکستان پر الزام لگا کر اپنی سیاست کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور انڈیا کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گا،ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے۔