کراچی، پاکستان عوامی تحریک کا اسرائیل اور بھارت کیخلاف احتجاج، ویڈیو
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
اسلام ٹائمز: احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں رہنماؤں، کارکنان، اہلیان کراچی سمیت بچوں و خواتین نے شرکت کی۔ رپورٹ: سید ظفر جعفری
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام نمائش چورنگی پر عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں رہنماؤں، کارکنان، اہلیان کراچی سمیت بچوں و خواتین نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، صوبائی صدر سید ظفر اقبال شاہ، سینئر نائب صدر راؤ کامران محمود، صوبائی جنرل سیکرٹری الیاس مغل، ویمن ونگ کی صدر رعنا نصرت ڈار، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابومریم و دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین میں جنگ نہیں بلکہ اہل غزہ کی نسل کشی ہو رہی ہے، جو ایک سنگین جرم ہے، اسرائیل کی طرف سے غزہ کے مسلمانوں کے انسانی حقوق غصب کر لئے گئے ہیں، اسپتال، اسکول، تعلیمی اداروں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے، غزہ شہر کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے اداروں کو بیان بازی سے آگے بڑھنا چاہیے اور ظلم بند کرانے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے، اسرائیل نہ تو بین الاقوامی چارٹرز کا لحاظ کر رہا ہے اور نہ ہی انسانی اقدار کا احترام کر رہا ہے،۔
رہنماؤں نے کہا کہ مسلم و عرب ممالک کی بے گناہ فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے میں ناکامی سب سے بڑا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، انہیں بندوق کے زور پر اپنے گھروں سے بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو نیوکلیئر طاقتیں ہیں، ہندوستان سنجیدگی دکھانے کے بجائے انتہاپسندی کا مظاہرہ کرتا آ رہا ہے، بھارتی جنگی جنون جنوبی ایشیاء کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت کا کشمیر پر ناجائز قبضہ کے ساتھ ساتھ اس کے ہاتھ پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، دوسری طرف پہلگام ڈرامے میں اب اپنی سیکورٹی کی ناکامی کو چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی، یہ اس کا وطیرہ بن چکا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پاکستانی قوم سمیت ادارے وطن عزیزکے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے، ثبوتوں کے باوجود پاکستان نے کبھی جنگی جنون اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، جنگیں مسائل حل نہیں بلکہ تباہی کا راستہ ہیں، بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے دہشتگردی کا سہارا لیا ہے، جس کے ناقابل تردید ثبوت پاکستان کے پاس موجود ہیں، اس کے کئی جاسوس پاکستان کی جیلوں میں موجود ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون پوری دنیا کو آگ کی لپیٹ میں لے گا، دونوں ممالک کا مفاد اسی میں ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور غربت و جہالت کے خلاف جنگ کریں اور اپنی قوم کو ترقی دینے کے منصوبوں پر کام کریں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.
youtube.com/@ITNEWSUrduOfficial
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: رہنماؤں نے کہا کہ
پڑھیں:
سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارت کو لاجواب کر دیا
قونصلر صائمہ سلیم— فائل فوٹواقوامِ متحدہ میں پاکستانی مشن کی قونصلر صائمہ سلیم نے سلامتی کونسل میں بھارت کو لاجواب کر دیا۔
اپنے بیان میں صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت کا امن کا درس دینا مضحکہ خیز ہے، جو خود بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی، ہمسایوں کے خلاف جارحیت اور خطے میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا مرتکب ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے حالات میں واضح فرق ہے۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ ایک طرف سیاسی آزادی ہے اور دوسری طرف جبر، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے، حقوق کا استعمال اور حقوق سے محرومی ایک جیسی چیزیں نہیں ہو سکتیں۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستانی کونسلر صائمہ سلیم نے کہا کہ افغان سرزمین سے حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، جموں و کشمیر نہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ داخلی معاملہ، بھارت کا انکار اس تنازع کی بین الاقوامی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔
قونصلر صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں لایا اور آج قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جبر اور انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا بھارتی فیصلہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، دریائے سندھ کا پانی زندگی کا ذریعہ ہے، جنگ کا ہتھیار نہیں۔
صائمہ سلیم نے یہ بھی کہا کہ بھارت سے منسلک دہشت گردی کے نیٹ ورک عالمی سطح تک پھیل چکے ہیں، بھارت میں ہندوتوا نظریات نے اسلاموفوبیا کو ریاستی پالیسی بنا دیا ہے۔