بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات سے غیر مستحکم خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہاہے،او آئی سی
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے گروپ نے جنوبی ایشیا کی بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ او آئی سی گروپ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات کے ذریعے پہلے سے غیر مستحکم خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہاہے۔
او آئی سی گروپ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی طرف سے کی جانے والی بیان بازی اور جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا کے پہلے سے غیر مستحکم سکیورٹی ماحول کو مزید بگاڑ رہے ہیں۔ گروپ نے واضح کیا کہ وہ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کرتا ہے اور کسی بھی ملک، مذہب، نسل، ثقافت یا قومیت کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر حل شدہ تنازعہ، بالخصوص مسئلہ کشمیر، جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو متاثر کرنے والا بنیادی سبب ہے۔ او آئی سی گروپ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم رکھنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کرے۔
او آئی سی گروپ نے پاکستان کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہا۔ گروپ نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کا خواہاں نہیں اور خطے میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق آگے بڑھنا چاہتا ہے۔
بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی مثبت کوششوں کی بھی تعریف کی گئی اور عالمی برادری، سلامتی کونسل اور بااثر ممالک سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن بنایا جا سکے۔
او آئی سی گروپ نے اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ دشمنانہ بیان بازی اور جارحانہ اقدامات بند کرے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: او آئی سی گروپ نے جنوبی ایشیا
پڑھیں:
پاکستان کی بنیاد جمہوریت‘ ترقی اور استحکام کا یہی راستہ: حافظ عبدالکریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک سیاسی نظام نہیں بلکہ ایک ایسا اصولی طریقہ ہے جس میں عوامی رائے اور اعتماد کو اولیت حاصل ہوتی ہے۔ پاکستان کے قیام کی بنیاد بھی جمہوری جدوجہد پر رکھی گئی تھی اور آج ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا راستہ بھی صرف جمہوری اقدار کو اپنانے اور ان کے استحکام سے ہو کر گزرتا ہے۔ جمہوریت میں عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں اور اپنی آواز کو ایوانوں تک پہنچائیں۔ یہی نظام عوامی شمولیت، قانون کی بالادستی، باہمی احترام اور قومی وحدت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قوم کو سیاسی استحکام، معاشی خوشحالی اور سماجی انصاف میسر آ سکے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان جمہوری استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہمیشہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تمام سیاسی قوتوں کو ملک و قوم کی بہتری کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ یہی جمہوریت کا اصل حسن ہے۔