نوازالدین کا بالی ووڈ پر کرارا وار، انڈسٹری کوچور صنعت قرار دیدیا
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی نے حالیہ بیان میں بھارت کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ”چور صنعت“ قرار دے دیا ہے۔
نوازالدین ان دنوں اپنی آنے والی فلم ”کوسٹاؤ“ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران اداکار نے بالی ووڈ میں تخلیقی بحران پر آواز بلند کی اور انکشاف کیا کہ فلم انڈسٹری میں اصلی کہانیوں کا شدید فقدان ہے۔ان کے مطابق، آج کل فلمیں پرانے فارمولوں پر بن رہی ہیں، جنوبی ہند کی فلموں اور گانوں کی نقل عام ہو چکی ہے۔
اداکار نے فلم انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے سیکوئلز اور ری میکس کے رجحان کو ”تخلیقی دیوالیہ پن“ سے تعبیر کیا۔ ان کا کہنا تھا،”بالی ووڈ آج کل عدم تحفظ کا شکار ہے، سب یہی سوچتے ہیں کہ جو پہلے چل چکا ہے، اسی کو دوبارہ چلا لیا جائے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ہماری انڈسٹری شروع سے چور رہی ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ،”ہم نے گانے چوری کیے، کہانیاں چرائیں، اور کلٹ فلموں کے سین تک کاپی کیے۔ جب آپ بار بار چوری کرتے ہیں، تو آپ میں اصل تخلیق کی صلاحیت کیسے باقی رہ سکتی ہے؟“
نوازالدین کے مطابق یہ روش اب اتنی معمول بن چکی ہے کہ لوگ اسے جرم سمجھنے کے بجائے ایک معمولی بات سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا،
”جب ایک پوری انڈسٹری چوری کو عام سمجھنے لگے تو پھر وہاں سے کسی نئے پن یا جدت کی کیا امید کی جا سکتی ہے؟“
اداکار نے اپنی بات کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہدایتکار انوراگ کشیپ جیسے تخلیقی اذہان سسٹم سے مایوس ہو کر الگ ہو رہے
ہیں، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ اچھے اور منفرد کام کی کوئی قدر باقی نہیں رہی۔
سوشل میڈیا پر ان کے خیالات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ کچھ حلقوں نے اسے انڈسٹری کے اندرونی مسائل کا آئینہ بھی قرار دیا ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: بالی ووڈ
پڑھیں:
بابل خان نے اننیا پانڈے، شنایا کپور اور دیگر کو ’’بدتمیز‘‘ قرار دے دیا
بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار عرفان خان کے بیٹے اور اُبھرتے ہوئے فنکار بابل خان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی طوفان برپا کردیا ہے۔ ان کی ایک ویڈیو، جس میں وہ بے قابو ہوکر روتے ہوئے بالی ووڈ انڈسٹری پر برس پڑتے ہیں، وائرل ہوگئی ہے۔
بابل خان کی یہ بے باک ویڈیو ابتدائی طور پر ان کی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی گئی تھی، مگر کچھ ہی دیر بعد نہ صرف ویڈیو ہٹا دی گئی بلکہ ان کا پورا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کردیا گیا۔
ویڈیو میں بابل واضح طور پر دل شکستہ اور ذہنی دباؤ میں نظر آتے ہیں۔ وہ بالی ووڈ کو ایک ’’بکواس‘‘ اور ’’مصنوعی‘‘ دنیا قرار دیتے ہیں، جہاں زیادہ تر لوگ دکھاوا کرتے ہیں۔ انہوں نے کئی مشہور شخصیات کا نام لے کر ان پر سخت تنقید کی۔ ان میں اننیا پانڈے، شنایا کپور، ارجن کپور، سدھانت چترویدی، راگھو جویال، آدرش گورو اور یہاں تک کہ مقبول گلوکار اریجیت سنگھ بھی شامل تھے۔
بابل خان نے کہا ’’میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سب لوگ، ہاں شنایا، اننیا، ارجن، سدھانت، راگھو، آدرش، اور حتیٰ کہ اریجیت بھی... یہ سب بہت بدتمیز ہیں۔ بالی ووڈ ایک بہت خراب جگہ ہے۔‘‘
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ کئی صارفین نے بابل کی ذہنی حالت پر فکرمندی ظاہر کی، تو کچھ نے بولی وڈ انڈسٹری کی ’’منافقت‘‘ اور ’’چمک دمک کے پیچھے چھپے سچ‘‘ پر تنقید کی۔
ویڈیو کے چند گھنٹوں کے اندر ہی بابل خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کردیا، جس سے یہ قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں کہ شاید وہ کسی ذاتی یا پروفیشنل بحران کا شکار ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابل خان نے حال ہی میں ایک فلم ’’لاگ آؤٹ‘‘ میں کام کیا تھا، جو ڈیجیٹل دنیا کی اندھی ریس، ذہنی دباؤ اور شہرت کی حقیقت پر مبنی ہے۔ اس فلم میں ان کا کردار بھی ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کا ہے، جو فالوورز کے جنون میں اپنی اصل پہچان کھو بیٹھتا ہے۔
ابھی تک بابل خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس ساری صورتحال پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، مگر سوشل میڈیا پر بابل کے حق میں ہمدردی اور حمایت کا سلسلہ جاری ہے۔