بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
بلوچستان میں کالعدم تنظیم نام نہاد ’بلوچ لبریشن آرمی‘ (بی ایل اے) کے بزدلانہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی ایما پر کام کرنے والی کالعدم تنظیم نام نہاد ’بلوچ لبریشن آرمی‘ کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں وطن کے 7 سپوت شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا میں صوبیدار عمر فاروق، نائیک آصف خان، نائیک مشکور، علی سپاہی طارق نواز، سپاہی واجد احمد فیض، سپاہی محمد عاصم، سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج نے بیان میں کہا کہ اس گھناؤنے اور بزدلانہ حملے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم، بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اور اس کے ایجنٹوں کے مذموم عزائم ان شاء اللہ، پاکستانی سیکیورٹی فورسز، ریاستی اداروں اور عوام کی جرات اور یکجہتی کے سامنے ناکام ہوں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز ا ئی ایس پی ا ر پاک فوج
پڑھیں:
بنوں پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے 3 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی، ایک اہلکار شہید
بنوں پولیس نے چوکی پر حملہ کرنے والے 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا جب کہ اس دوران ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، گزشتہ شب بنوں کے علاقے میں چوکی فتح خیل پر نامعلوم دہشتگردوں نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں 03 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے جب کہ کئی دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کہ کارروائی کے دوران ایک اہلکار شہید ہوگیا، جب کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے قریب پولیس چوکی فتح خیل پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا جوان مردی سے مقابلہ کیا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت روح نیاز کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے اتوار کو جاری اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں، محسن نقوی نے حملہ آور 3 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار روح نیاز کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پولیس نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور جرات سے حملہ کو ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکار نے فرض کی راہ میں جان نچھاور کرکے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا ہے، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔