مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن گرینڈ الائنس میں شامل ہونے سے انکار
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
پشاور: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کےگرینڈ الائنس میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ مقامی سیاست سے متعلق مولانا فضل الرحمان کےکچھ خدشات تھے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر مولانا فضل الرحمان کوخدشات دور کرنےکی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پہلے پارٹی سے مشاورت کے لیے وقت مانگا اور پھر انکار کردیا۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ انتخابی اتحاد جب ہوتے ہیں تو کچھ لے دے ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معدنیات کے بل کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا بیان آچکا ہے، معدنیات بل پر پہلے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دیں گے، بانی پی ٹی آئی کی مرضی ہوگی تو بل پاس ہوگا ورنہ نہیں ہوگا، معدنیات بل کے حوالے سے پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: مولانا فضل الرحمان بانی پی ٹی ا ئی
پڑھیں:
اسلام آباد ہائی کورٹ کا جیل حکام کو عمران خان سے وکیل کی فوری ملاقات کرانے کا حکم
ہائی کورٹ نے عمران خان سے سلمان اکرم راجا کی آج ہی ملاقات کرانے کا حکم جاری کردیا۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کی بنیاد پر پابندی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جس میں عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا پیش ہوئے جب کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان بھی عدالت میں موجود تھیں۔ دورانِ سماعت جیل حکام نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا، جس پر عدالت نے جواب کی کاپی فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ آپ کے 24 مارچ کے آرڈر کے باوجود ملاقات نہیں ہوئی ۔ عدالت نے پوچھا کہ جن اتھارٹیز نے آنا تھا وہ کہاں ہیں ؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ آج منگل ہے، بانی سے ملاقات کا دن ہے ۔ میں نے بانی سے مل کر اس کیس متعلق ہدایت لینی ہیں۔ ملاقات کے کیس میں ابھی جو لارجر بینچ کا آرڈر آیا ہے وہ ابھی ہمیں ملا نہیں ۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ میں نے دستخط کر دیے ہیں وہ آرڈر آپ لے لیں ۔ وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پہلے ہم بہت سے آرڈرز کی کاپیاں لے کر گئے ہیں لیکن عمل نہیں ہوا ۔ آج دیکھتے ہیں اس آرڈر پر ہوتا ہے یا نہیں ۔ عدالت نے حکم دیا کہ سلمان اکرم راجا کی عمران خان سے ملاقات آج یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسٹیٹ کونسل فون کال کے ذریعے جیل حکام کو آگاہ کریں۔ سماعت کے دوران جیل حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی کے کیس میں رپورٹ جمع کروائی گئی جب کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔ وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے، ہدایات لینے کے بعد ہی جواب دے سکتا ہوں۔ بعد ازاں عدالت نے سلمان اکرم راجا کی آج ہی عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔