اسحاق ڈار کا افغان ہم منصب کو فون، رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق، خطے میں امن کیلئے تعاون پر زور
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے 19 اپریل کو نائب وزیر اعظم کے دورہ افغانستان کے بعد سے دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں تجارت، روابط، اقتصادی تعاون، عوام سے عوام کے رابطوں اور سیاسی مشاورتی میکانزم کو دوبارہ فعال کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔ فریقین نے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے طویل المدتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے قائم مقام افغان وزیر خارجہ کو بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف حالیہ اشتعال انگیزی اور غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امن کے لیے پاکستان کے عزم اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کا اعادہ کیا۔ قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے تجارت میں آسانی اور سفری سہولتوں کے لیے پاکستان کے فعال اقدامات کو سراہا اور نائب وزیر اعظم کو دوبارہ افغانستان کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے دعائوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کے اجلاس کی صدارت کی جس میں کابینہ کی منظوری کے لئے توانائی اور بحری شعبوں میں اہم معاہدوں کی سفارش کی گئی۔ معاہدے خاطر خواہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور سٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دے کر پاکستان کی اقتصادی رفتار اور علاقائی انضمام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے الجزائر کے ہم منصب احمد عطف سے رابطہ کیا۔ اسحاق ڈار نے علاقائی صورتحال‘ بھارت کی اشتعال انگیزی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ الجزائر کے وزیر خارجہ نے موجودہ صورتحال میں فریقین سے کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے معیشت‘ تجارت سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں محمد اسحاق ڈار سے امریکی پاکستان بزنس کونسل (یو ایس پی بی سی) اور امریکی چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت امریکی چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر برائے ایشیا چارلس فری مین اور صدر امریکی پاکستان بزنس کونسل ایسپرانزا گومز جیلالیان نے کی۔ وفد میں پاکستان میں کام کرنے والی معروف امریکی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز بھی شامل ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار نے پاکستان کے کے لیے
پڑھیں:
پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم
روم: پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم کر دی گئی۔پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری جنرل، عزت مآب سفیر ریکارڈو گوارِیلیا نے حال ہی میں ایک ایسے معاہدے پر دستخط کئے ہیں. جس کے تحت سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کیلئے ویزا کی شرط ختم کر دی گئی ہے. معاہدے پر دستخط کی پُروقار تقریب اٹلی کی وزارتِ خارجہ میں روم میں منعقد ہوئی۔تقریب سے قبل دونوں اعلیٰ حکام کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی. دونوں فریقوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تزویراتی تعاون کی مضبوطی، وسعت اور مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر دوستانہ اور تعمیری دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا، جبکہ اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر جاری تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے اس معاہدے کو باہمی اعتماد اور دوستی کی عکاسی قرار دیا گیا اور اسے موجودہ دوطرفہ تعاون کے نظام میں ایک اہم اضافہ قرار دیا گیا. معاہدے سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت متعدد نئے معاہدوں پر غور جاری ہے. اس کے علاوہ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) موجود ہیں، جبکہ سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی مطالعات اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دونوں حکومتوں کے درمیان 15 معاہدے طے پا چکے ہیں۔دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں طے پایا، جبکہ 2013 میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان قائم کیا گیا، اسی طرح مشترکہ اقتصادی کمیشن 2005 میں تشکیل دیا گیا، سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ 1997 میں طے پایا، دوہری شہریت کا معاہدہ 1983 میں جبکہ حوالگیِ ملزمان (Extradition) کا معاہدہ 1972 میں دستخط کیا گیا تھا۔اس سے قبل 7 مئی 2025 کو اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان ’’لیبر موبیلٹی اینڈ مائیگریشن‘‘ کے موضوع پر ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا باقاعدہ لیبر معاہدہ ہے، اس معاہدے کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو اٹلی میں پاکستانی شہریوں کیلئے مختص 10,500 ملازمتوں کے کوٹے سے فائدہ اٹھانے کا موقع حاصل ہوگا۔پاکستانی سفیر نے سیکرٹری خارجہ کی جانب سے سیکرٹری جنرل کو ساتویں دورِ دوطرفہ سیاسی مشاورت میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، انہوں نے 2026 کی آخری سہ ماہی میں اس اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی آمادگی سے آگاہ کیا اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارت خانے کے افتتاح کی خواہش کا اظہار کیا، جو اٹلی کا بیرونِ ملک سب سے بڑا سفارتی مشن ہوگا. اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔