اسلام آباد:

بھارتی حملے کیخلاف حکومتی اور اپوزیشن شخصیات یک زبان ہوگئیں اور دشمن کو بھرپور جواب دینے کا بھی اعلان کر دیا۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر میزائل داغنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا میزائل حملہ کھلی جارحیت ہے، مودی نے ابتدا کر دی اور اختتام اب پاکستان کرے گا۔ مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور پر حملے ناقابل معافی جرم ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ بھارت نے میزائل داغ کر اپنی ناپاک نیت کو بے نقاب کر دیا، پاکستان اب خاموش نہیں بیٹھے گا، بھارت نے امن کی پیشکش کو کمزوری سمجھا، بھارت کو اب اس کی زبان میں ہی جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا، پاکستان کا جواب دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دے گا، بھارتی میزائل حملوں میں معصوم پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

پنجاب کے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‏پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا۔ بھارت کے بزدلانہ حملوں جنہوں نے معصوم شہریوں، مساجد، اور نیلم جہلم جیسے اہم آبی منصوبوں کو نشانہ بنایا، کے ردعمل میں ہماری افواج نے بے مثال طاقت اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے پانچ طیارے گرا کر ہماری افواج نے نہ صرف اپنی غیر معمولی بہادری اور مہارت کا مظاہرہ کیا بلکہ بھارت کو یہ دو ٹوک پیغام دیا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت ایک سرخ لکیر ہے، جسے عبور کرنے کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن کمزوری نہیں، ہر وار کا جواب دو گنا دے گا۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ ہماری افواج فولاد سے بنی دیوار ہیں، جو دشمن کے ہر وار کو خاک میں ملا دیں گی۔ ان کی شجاعت، قربانی اور مادرِ وطن کی خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم ہر دل کو فخر سے بھر دیتا ہے۔ پوری قوم اپنی ان بہادر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ پاکستان زندہ باد!”

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے رات کی تاریخ میں نہتے پاکستانیوں پر حملہ کیا جس پر پاکستانی فضائیہ نے پانچ رافیل طیارے چشم زدن میں مار گرائے، دشمن کو کرارا جواب دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ دشمن سمجھتا تھا ڈرا لے گا لیکن پاکستانی قوم نہ جھکی ہے اور نہ جھکے گی، اگر پاکستان نے فیصلہ کر لیا تو دشمن محفوظ نہیں رہے گا۔ آپ نے ہماری مسجد شہید کی، اب برداشت ختم ہوگئی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان زندہ قوم ہے اور اسلام شہادت کو اعزاز سمجھتا ہے، شہادت ہمارے لیے فخر ہے، وقت آیا تو ہر قرض اتارا جائے گا اور دشمن کو ایسی سزا دیں گے کہ دوبارہ پاکستان کی طرف دیکھنے کی ہمت نہیں کرے گا۔

.