وردی کو لٹکا کر مذاق اڑایا گیا، آج یہی وردی پوش جوان سرحدوں پرہمارے لیے لڑ رہے ہیں، مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
فیصل آباد:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وردی کو ڈنڈے پر لٹکا کر مذاق اڑایا گیا، آج یہی وردی پوش جوان سرحدوں پر ہماری حفاظت کے لیے لڑ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اور ہونہاراسکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑ ی قوت اور طاقت بنانا چاہتے ہیں، سب کی نیت ٹھیک تھی تو پاکستان کو تاریخی فتح ملی، اگر عوام تقسیم اور قیادت متحد نہ ہوتی تو دشمن کے خلاف تاریخی فتح حاصل نہیں کرسکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی فتح نے قوم کو متحد اور یکجان بنا دیا، کامیابی پر فخر نہیں، عاجزی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، آج میرا اور ہم سب کا سر فخر سے بلند ہے، ہر لحاظ سے بڑے دشمن سے سامنا تھا، مقابلہ کیا اور افواج پاکستان نے جنگ لڑی اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی تھی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف جنگ ہی نہیں جیتی بلکہ قوم کا روشن مستقبل یقینی بنایا، میں باربار بچوں کو تفریق اور تقسیم کرنے والوں کے بارے میں بتاتی رہی ہوں، میں بچوں سے پہلے بھی کہتی رہی، آج بھی کہتی ہوں کہ نفرت اور تقسیم پھیلانے والوں کی باتوں میں نہیں آنا۔
انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان کا قدم ملک و قوم کی سلامتی کے لیے ہونا چا ہیے، سارے ادارے ہمارے اپنے ہیں، لوگ ہمارے اپنے ہیں، اندھی نفرت کا شکار نہیں ہونا چاہیے، وطن کا مستقبل طلبہ کے ہاتھ میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وردی کو ڈنڈے پر لٹکا کر مذاق اڑایا گیا، آج یہی وردی پوش جوان سرحدوں پر ہماری حفاظت کے لیے لڑ رہے ہیں، بچوں کا جذبہ دیکھ کر دل کو تسلی، اطمینان اور مسرت ہوتی ہے، اپنے طلبہ پر فخر ہے۔
فیصل آباد میں تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ جنگ جیتنے سے بڑا خوشی کا لمحہ کوئی نہیں ہوسکتا، بچوں سے کہتی ہوں کہ کسی کے اقتدار کی ہوس کا شکار نہ بنیں اور پاکستان کے نوجوانوں نے نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔
مریم نواز نے کہا کہ جب مشکل گھڑی آتی ہے تو قوم کے بیٹے سینہ تان کر کھڑے ہوتے ہیں، ملک کے مستقبل کے بارے میں شک و شبہات پیدا کرنے والے شرمندہ ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے، میں عوام کی امانتوں کی امین ہوں، سب کچھ بیٹے اور بیٹیوں کا ہے، بچوں کے ہاتھ میں لاٹھی اور اسلحہ اچھا نہیں لگتا بلکہ لیپ ٹاپ اچھے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ دینا چاہتی ہوں، ہمارے بچے لائق، ذہین اور محنتی ہیں، ہمار ا مستقبل انہی سے روشن ہے، لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ لینے والے بچوں، ان کے والدین اور اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ جن جہازوں کو گرایا اور جلایا گیا، انہی جہازوں اور لوگوں نے جنگ لڑی، انڈیا کہتا تھا کہ رافیل طیارہ گرایا نہیں جا سکتا، ہم نے جے ایف تھنڈر سے گرا کر دیکھا دیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو یقیناً یاد ہوگا، جے ایف تھنڈر کس نے بنایا تھا، نوازشریف نے کہا تھا کہ ہم 9مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، آج نوجوانوں کا جوش و خروش بتا رہا ہے، ہم 9مئی والے نہیں 10 اور28 مئی والے لوگ ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 1998 میں لوگ نوازشریف کو ایٹمی دھماکے کا جواب نہ دینے کا کہہ رہے تھے، لوگوں نے نوازشریف کو ایٹمی دھماکے پر پابندیاں لگنے سے ڈرایا لیکن نوازشریف نے کہا کہ دھماکے ضرور کروں گا، میرے وطن کی سلامتی اور دفاع کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28مئی کو ہم نے مقابلہ 5 اور 6 سے جیتا تھا، 10مئی کو مقابلہ 6 زیرو سے جیتا ہے، مجھے یقین ہے کہ میرے بیٹے اور بیٹیاں 10مئی کے جانشین ہیں، سبز ہلالی پرچم نہیں گرنے دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ فضائیہ کے شاہینوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، فیصل آباد کے 12ہزار طلبہ کی طرف سے وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر بابر سندھو کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ میں زخمی ہونے والے شہریوں اور جوانوں کی دیکھ بھال کرنے پر سب کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین اور شاباش پیش کرتی ہوں، شہدا اور غازیوں کی بے مثال خدمت اور دیکھ بھال کرنے والو ں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
فیصل آباد میں لاہور طرز پر ڈیولپمنٹ پلان کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے طرز پر فیصل آباد میں بھی ڈیولپمنٹ پلان لا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب کے دوران اہم اعلانات کیے اور کہا کہ اگلے سال فیصل آباد میں میٹروبس سروس شروع کی جائے گی اور فیصل آباد میں گرین الیکٹرک بسیں چلائے جائیں گی۔
مریم نواز نے فیصل آباد کے لیے لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈیولپمنٹ پلان لانے اور فیصل آباد ڈیژن کے شہروں کے ساتھ ساتھ گاؤں کو بھی ماڈل ولیج بنانے کا اعلان کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مریم نواز نے کہا کہ پنجاب مریم نواز نے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پیش کرتی ہوں لیپ ٹاپ اور رہے ہیں تھا کہ کے لیے
پڑھیں:
فیصل آباد میں سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ پروگرام کی تقریب آج منعقد ہو گی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے شروع کیے گئے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ پروگرام کا دوسرا مرحلہ آج فیصل آباد میں جاری کیا جا رہا ہے جس کی مرکزی تقریب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقد ہو گی جہاں وزیراعلیٰ خود شریک ہوں گی تقریب کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے ہونہار طلبہ کو کور آئی سیون تیرہویں جنریشن اور اوریجنل ونڈو کے ساتھ جدید ترین لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے جبکہ ہزاروں طلبہ کو وظائف کے چیکس بھی دیے جائیں گے فیصل آباد ڈویژن کے پانچ ہزار نو سو اٹھائیس طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے جن میں سرکاری یونیورسٹیوں کے چار ہزار دو سو چوبیس طلبہ میڈیکل کالجز کے تین سو اٹھارہ طلبہ اور سرکاری کالجز کے ایک ہزار تین سو پچاسی طلبہ شامل ہیں اسی طرح ہونہار سکالرشپ فیز ٹو کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے چار ہزار پچھتر طلبہ کو ایک کروڑ روپے کے وظائف دیے جائیں گے جن میں سرکاری یونیورسٹیز کے دو ہزار چار سو باسٹھ طلبہ کو سڑسٹھ لاکھ روپے میڈیکل کالجز کے بیاسی طلبہ کو چار لاکھ روپے اور کالج سیکٹر کے پندرہ سو اکتیس طلبہ کو انتیس لاکھ روپے کے وظائف ملیں گے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تیسرے سے آٹھویں سمسٹر میں زیر تعلیم طلبہ کو فیز ٹو کے تحت سکالرشپ دی جا رہی ہے جبکہ سکالرشپ کی رقم تیس ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار کر دی گئی ہے اب تک اس پروگرام کے لیے ایک لاکھ ترپن ہزار پانچ سو بہتر درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے ایک لاکھ تیس ہزار چھ درخواستوں کی تصدیق مکمل کر لی گئی ہے ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت بی ایس اور میڈیکل کالجز کے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے اس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب سے باہر بھی پھیلایا گیا ہے اور اب آزاد کشمیر گلگت بلتستان بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے طلبہ بھی اس سے مستفید ہوں گے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق آئندہ آٹھ برسوں میں مجموعی طور پر نوے ارب روپے کے وظائف دیے جائیں گے تاکہ پنجاب اور دیگر علاقوں کے کسی بھی باصلاحیت طالبعلم کو مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے محروم نہ ہونا پڑے یاد رہے کہ اس پروگرام کی پہلی تقریب یو ای ٹی لاہور میں منعقد ہوئی تھی جہاں تیرہ ہزار آٹھ سو چھاسی طلبہ کو لیپ ٹاپ جبکہ تین ہزار ایک سو اکیس طلبہ کو ہونہار سکالرشپ دیے گئے تھے مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کر کے انہیں ٹیکنالوجی کی دنیا میں بلند پرواز کا موقع دیا جا رہا ہے ہمارا عزم ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ صرف مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے