کراچی؛ سفاک بیٹوں نے گاؤں واپس جانے کا بولنے پر والد کو قتل کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
کراچی:
جوہر آباد میں سفاک بیٹوں نے گاؤں واپس جانے کا بولنے پر والد کو قتل کر دیا، جوہر آباد پولیس نے باپ کو قتل کرنے اور اس کی بوری بند لاش ٹھکانے لیجانے والے 2 سفاک بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 15 فلاح مسجد کے قریب جوہر آباد پولیس نے موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کو گرفتار کر کے بوری میں بند لاش برآمد کرلی ، مقتول کی شناخت 60 سالہ خاور انجم کے نام سے کی گئی جو کہ حکمت کا کام کرتا تھا اور اس کا آبائی تعلق میر پور خاص سے تھا جبکہ گرفتار دونوں ملزمان ابراہیم اور افضل مقتول کے سگے بیٹے ہیں جو اپنے باپ کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بوری میں بند کر کے ٹھکانے لیجانے کے لیے جا رہے تھے ۔
پولیس نے دوران چیکنگ انھیں روک کر بوری کھول کر چیک کی تو اس میں سے ایک شخص کی تشدد زدہ ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی لاش برآمد ہوئی جس پر پولیس نے باپ کے قتل میں ملوث دونوں سفاک بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او جوہر آباد راشد الرحمٰن نے بتایا کہ مقتول خاور انجم اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ مدرسے کے ایک کمرے میں رہائش پذیر تھا اور حکمت کا کام کرتا تھا جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے باپ کو قتل کرنے کے حوالے سے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ہم کوئی کام کاج نہیں کرتے تھے، والد نے کہا کہ تم دونوں گاؤں جا کر وہاں کوئی کام دھندا کرو ، اس بات پر ان کی والد سے تکرار بھی ہوئی تھی۔
راشد الرحمٰن نے مزید بتایا کہ سفاک بیٹوں نے اپنے باپ کو قتل کرنے کے لیے کولڈ ڈرنک میں چوہے مار دوا ملا کر پلائی تھی جبکہ ملزمان نے اپنے والد کو تشدد کا نشانہ بنا کر گلا گھونٹ کر قتل کیا تھا تاہم مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت کا بھی حتمی تعین ہوجائیگا جبکہ گرفتار ملزمان بیٹوں سے بھی پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔
سفاک بیٹوں کے ہاتھوں باپ کو قتل کر کے ان کی لاش بوری میں بند کر کے موٹر سائیکل پر لیجانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جو کہ مدرسے میں نصب تھا ، فوٹیج میں دونوں بیٹوں کے ہمراہ ایک تیسرا شخص بھی بوری بند لاش موٹر سائیکل پر رکھوانے میں ان کی مدد کرتا ہوا دکھائی دیا جس کے بعد ملزمان بیٹے مرکزی گیٹ کھلوا کر موٹر سائیکل باہر لیجاتے ہوئے دکھائی دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیسرا شخص چوکیدار تھا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور اس سے بھی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نے باپ کو قتل کرنے موٹر سائیکل جوہر ا باد پولیس نے
پڑھیں:
7 ڈمپرز جلنے کا واقعہ: کراچی پولیس نے متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا
راشد منہاس روڈ پر ٹمپر کے نیچے کچل کر بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے 7 ڈمپرز کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 ، 14 سمیت دیگر بلاکوں میں ہوٹلز اور پارکوں میں چھاپے مار کر متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے پیر کی الصبح فیڈرل بی ایریا بلاک 16 ، 14 سمیت دیگر بلاکوں میں ہوٹلز اور پارکوں میں چھاپے مار کر متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے کر گبول ٹاؤن، یوسف پلازہ، نیوکراچی انڈسٹریل ایریا اور یوسف پلازہ تھانے منتقل کر دیا۔
حراست میں لیے جانے والوں کے والدین، رشتے دار اور دوست احباب تھانے پہنچ گئے تاہم ان کو تھانوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور تھانوں کے گیٹ بند کر دیے گئے۔
واضح رہے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر سے بہن بھائی کے کچل کر جاں بحق ہونے کے بعد مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی تھی۔
ڈمپر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر پولیس افسران نے ڈمپرز کو آگ لگانے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے خصوصاً جائے حادثے کے قریبی رہائشی عمارت صغیر سینٹر کے مکینوں کی مبینہ گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس نے حراست میں لیے جانے والے کسی شخص کی تصدیق نہیں کی۔
دو روز قبل فیڈرل بی ایریا میں لکی ون شاپنگ مال کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار افراد کو کچل دیا تھا، حادثے میں شدید زخمی ہونے والے دونوں بہن بھائی اسپتال منتقل کیے گئے مگر وہ جانبر نہ ہوسکے تھے، جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے والد زخمی ہوا۔