پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتیں جب چاہیں ہم بات کرنے کو تیار ہیں. رانا ثنا اللہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, May 2025 GMT
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 15 مئی ۔2025 )وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت دوسری جماعتیں جب چاہیں ہم بات کرنے کو تیار ہیں نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ بھارت نے حملہ کیا تو ہم نے بھرپور دفاع کیا اور مغربی محاذ پر پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ہے گوریلا ہتھکنڈوں کا استعمال کیا جا رہا ہے اور گوریلا ہتھکنڈوں میں ویرانوں میں بس پر حملہ اور ٹرین کو نشانہ بنانا شامل ہے.
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت بھی ہیں بھارت دہشت گردوں کو تربیت دے کر خیبرپختونخوا بھی بھیجتے ہیں جبکہ بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کی تربیت کرتا ہے. رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ان کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو مارا جا رہا ہے دہشت گردوں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر انداز میں آپریشن کر رہے ہیں. ملکی سیاسی امور پر انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں سیاسی جماعتوں نے معاملات چلانے ہوتے ہیں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق اور اختلاف کی باتیں ہوتی رہتی ہیں پی ٹی آئی یا دوسری جماعتیں جب چاہیں ہم بات کرنے کو تیار ہیں. انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو قوم نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور وزیر اعظم پہلے بھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کر چکے ہیں اور اب بھی ملکی مفاد کے لیے پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں مشیر سیاسی امور نے کہا کہ بنیادی معاملات پر چارٹر آف اکانومی میں پی ٹی آئی کو شامل ہونا چاہیے حالیہ صورتحال میں نواز شریف کی رہنمائی حکومت کو حاصل رہی ہے اور وزیر اعظم، آرمی چیف، نیول اور ایئرچیف نے کشیدہ صورتحال میں اہم کردار ادا کیا.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے انہوں نے کہا نے کہا کہ پی ٹی آئی تیار ہیں کہ بھارت
پڑھیں:
شیرانی، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گرد جہنم واصل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے عناصر نشانہ بنے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو شکست فاش دی گئی، حکومت اور سکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ شہباز شریف نے قرار دیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیئے، سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔