ملک بھر میں شدید گرمی؛ ہیٹ ویو برقرار، درجہ حرارت 48 ڈگری تک پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
ملک کے بیشتر علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں موسم میں مزید شدت آنے کی پیش گوئی کر دی ہے جب کہ متعلہقہ ادارے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی و میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جو کہ ہیٹ ویو کی سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔
گزشتہ روز سندھ کے علاقے دادو اور بلوچستان کے تربت میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو رواں سال کا اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت شمار کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں پارہ 47 ڈگری، بھکر، بہاولنگر، رحیم یار خان اور نوکنڈی جیسے شہروں میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب میں بھی سورج نے گویا آگ برسانا شروع کر دیا ہے۔ لاہور سمیت صوبے کے کئی علاقوں میں گرم اور خشک موسم کا راج ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 2 سے 3 روز تک موسم میں کسی قسم کی بارش کی کوئی امید نہیں ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 مئی تک پنجاب کے میدانی اور شہری علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ موجود ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
موسمیات اور طبی ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی و دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں نمی کی کمی نہ ہو۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی تنبیہ کر دی ہے کہ 20 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی شدت برقرار رہے گی، اس لیے عوام کو موسم کی شدت سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات علاقوں میں ہیٹ ویو
پڑھیں:
بحیرۂ عرب میں موجود سسٹم شدت اختیار کرگیا، طوفان بننے کا امکان
— فائل فوٹوشمال مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود سسٹم شدت اختیار کرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن اب ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے 12 گھنٹے میں طوفان بننے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ سسٹم کراچی سے 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے، اس کے اثر سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ سسٹم کے زیرِ اثر سمندر میں طغیانی بھی رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔