چینی کمپنی کراچی میں سپر منی ٹرک تیار کرنے کیلیے رضامند، جلد پلانٹ لگے گا
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
کراچی:
حکومت سندھ اور چین کے تعاون سے کراچی میں جلد منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن قائم کی جائے گی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چین میں سپر منی ٹرک کی رونمائی تقریب، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن،صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ آور دیگر شریک ہوئے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے یہ خوش خبری سنائی اور بتایا کہ چینی سرمایہ کار کراچی میں پلانٹ لگانے پر رضامند، مختلف کاروباری گروپس و افراد کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے سندھ بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لئے جلد چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سپر منی ٹرک منصوبہ پاک چین صنعتی اشتراک اور تکنیکی تعاون کی شاندار مثال ہے، جو دونوں ممالک کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا، چینی کمپنی چیری ہولڈنگ اور پیڈی ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کردہ سپر منی ٹرک ایک انقلابی ایجاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپر منی ٹرک گاڑی شہری و دیہی علاقوں میں لاجسٹکس کے مسائل کا حل ہے، یہ پائیدار، سستی اور قابلِ رسائی ٹرانسپورٹ کا نمونہ بھی پیش کرتی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ سپر منی ٹرک جدید انجینئرنگ، ذہین ڈیزائن، اور ماحولیاتی موافقت کا حسین امتزاج ہے، جو پاکستان میں ہلکی کمرشل گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ سپر منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن جلد ہی کراچی میں قائم کی جائے گی، جو پاکستان میں صنعتی ترقی، مقامی پرزہ سازی، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے عمل کو تیز کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ کراچی کو گاڑی سازی کے میدان میں ایک علاقائی مرکز میں تبدیل کرنے کی جانب پہلا عملی قدم ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ضوابطی معاونت، بنیادی ڈھانچے کی تیاری، مقامی افرادی قوت کی تربیت سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپر منی ٹرک کی بنیادی خصوصیت اس کی وہ استعداد ہے جس کے تحت اسے آسانی سے ایک سپر منی کار میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سےِ چیری ہولڈنگ کے چیئرمین ین تونگیو کی وژنری قیادت کی تعریف کی۔ تقریب میں وزیرِ توانائی سندھ، سید ناصر حسین شاہ اور بجٹ پیٹرولیم انویسٹمنٹ ہولڈنگز کمپنی، ہانگ کانگ کے گروپ سی ای او زاہد بشیر بھی شریک ہوئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شرجیل انعام میمن منی ٹرک کی کراچی میں انہوں نے
پڑھیں:
سمندری پانی کو میٹھا بنانے کا منصوبہ عالمی اداروں کے تعاون سے مکمل کرینگے، شرجیل میمن
کراچی:سینئر وزیرِ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سمندری پانی کو میٹھا بنانے سمیت دیگر منصوبے عالمی اداروں کے تعاون سے مکمل کریں گے۔
صوبائی بجٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا ترقیاتی بجٹ صرف رقم کی تقسیم نہیں بلکہ عوامی زندگی کو بہتر بنانے کا ویژن ہے۔ 2025-26 کا ترقیاتی بجٹ پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں، چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے ویژن کا تسلسل ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 1.018 ٹریلین روپے کا تاریخ ساز ترقیاتی بجٹ پیش کر کے ثابت کردیا کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے، عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔حکومت سندھ نے مالی سال 2025-26 کے لیے عوامی ضروریات اور دیرینہ مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے اہم ترقیاتی منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنایا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد کے لیے 7، 7 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج فراہم کیا ہے۔ اسی طرح ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سڑکوں کی بہتری، واٹر سپلائی، ڈرینیج، تعلیم، صحت اور دیگر شہری سہولیات کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں کورنگی کازوے پل کی تعمیر، شاہراہِ بھٹو کی توسیع اور سیف سٹی منصوبے کا دائرہ بڑھانا حکومتی ترجیحات میں ہیں۔ سندھ بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ حب کینال کی بحالی کے لیے 3.1 ارب روپے، شہدادکوٹ واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 5 ایم جی ڈی سمندری پانی کو میٹھا بنانے والا پلانٹ اور ٹی پی 4 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسے منصوبے عالمی اداروں کے تعاون سے مکمل کیے جائیں گے۔ 2لاکھ کسانوں کی مالی معاونت کے ساتھ زراعت کے شعبے میں 33 ارب روپے کی لاگت سے میکانائزیشن پیکیج، ڈرپ اریگیشن سسٹم اور ہارٹیکلچر کلسٹرز متعارف کروائے جارہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر جاری ہے، جن کے مالکانہ حقوق خواتین کو دے کر انہیں بااختیار بنایا جارہا ہے۔
اسی طرح مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کو سہولیات کی فراہمی، مالی امداد اور بحالی کے لیے 21.7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ کل 3,642 منصوبوں میں سے 3,161 جاری اسکیمیں اور 481 نئی اسکیمیں شامل ہیں جب کہ 119.5 ارب روپے خصوصی ترقیاتی اقدامات کے لیے رکھے گئے ہیں۔