کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، فتنۃ الخوارج کے 3 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ، دھماکا خیز مواد برآمد
اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT
کراچی میں دہشتگردی کا ممکنہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پاکستان رینجرز (سندھ) اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں نعمت اللہ، نور محمد اور صابر اللہ شامل ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔
ملزمان عسکری تربیت یافتہ، رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے وابستہ ہیں، نعمت اللہ 2018 میں فتنۃ الخوارج میں شامل ہوا تھا، اور افغانستان سے تربیت حاصل کرکے آیا ہے۔
نعمت اللہ 2 بار دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے، جب کہ نور محمد 2022 سے فتنہ الخوارج اسلام الدین گروپ کا سرگرم رکن ہے، نور محمد کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
صابر اللہ 2018 سے فتنہ الخوارج کا رکن ہے، سوشل میڈیا پر سرگرم رہا۔
دہشت گردوں کو کراچی میں کسی بڑی کارروائی کرنے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ حالیہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی پراکسی تنظیموں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مختلف گروپوں کو فنڈنگ اور اسلحہ دیکر متحرک کیا ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان میں ایک بزدلانہ کارروائی میں بھارت کے اسپانسرڈ دہشتگردوں نے خضدار میں معصوم طلبہ کی اسکول کی بس کو حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے تھے۔
پاکستان نے حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کے بعد دہشتگردوں کو چن چن کر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ملک بھر میں سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں، اور مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کراچی میں
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی کے بعد جھوٹی معلومات اور پروپیگنڈے کی مہم شروع کر دی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہمیشہ بے بنیاد دعوے کرتا رہا، کبھی کہا گیا کہ لاہور بندرگاہ تباہ کر دی گئی اور کبھی ملتان بندرگاہ پر حملے کے دعوے سامنے آئے، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ایک شخص اعجاز ملاح کو گرفتار کیا اور بھارتی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے اسے پاکستان کے خلاف کام کرنے پر مجبور کیا۔
اعجاز ملاح کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ پاکستان آرمی کی وردیاں، پاکستانی کرنسی، سگریٹ اور ماچسیں اپنے ساتھ لائے تاکہ بھارت ان اشیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اعجاز ملاح کو گرفتار کرلیا، جس سے بھارتی منصوبہ ناکام ہوگیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان کی فوجی اور سفارتی کامیابیاں برداشت نہیں کر پا رہا، اسی لیے وہ من گھڑت بیانیہ بنا کر عالمی سطح پر گمراہ کن مہم چلا رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران اعجاز ملاح کی ویڈیو بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈہ بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستان اپنی سرزمین اور قومی بیانیے کے دفاع کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدام کرتا رہے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں