اسلام آباد؛ریکارڈ 35 دن میں مکمل ہونیوالا جناح اسکوائر مری روڈ انٹرچینج ٹریفک کیلیے کھل گیا
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
صرف 35 دن کے ریکارڈ وقت میں مکمل ہونے والا جناح اسکوائر مری روڈ انٹرچینج ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ایک نیا تحفہ جناح سکوائر مری روڈ انٹر چینج ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کو 35 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کی 15 سے 20 منٹ کی مسافت کم ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مری روڈ انٹر چینج جناح اسکوائر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ریکارڈ مدت میں نصوبہ مکمل کرنے پر سی ڈی اے، متعلقہ کمپنی کے حکام اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دی اور کہا کہ اتنی کم مدت میں منصوبے کو مکمل کرنا آسان کام نہیں تھا۔
انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ مزید تندہی، محنت اور لگن سے کام کریں اور دارالحکومت کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 35 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیدا ہوں۔ منصوبے کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا گیا اور بہترین اور معیاری تعمیر کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیض آباد چوک، شاہین چوک اور کشمیر چوک پر پل کو چوڑا کرنے سمیت دیگر کئی منصوبوں پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انڈر پاس کا منصوبہ صرف 35 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ریکارڈ مدت میں مری روڈ کے لیے
پڑھیں:
اسلام آباد میں ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کیلیے نئے ایس او پیز جاری
وفاقی دارالحکومت میں ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کردیے گئے ہیں۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ریسٹورنٹس کے شیف اور ویٹرز کے لیے کیپ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ فوڈ سے ڈیل کرنے والے تمام عملے کے لیے سیفٹی کیپ استعمال کرنا لازمی ہوگا۔
ایس او پیز کے مطابق کیپ کا استعمال حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لازمی قرار دیا گیا، خلاف ورزی کی صورت میں فوڈ پوائنٹ/ریسٹورنٹ فی الفور سیل ہوگا۔
فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اُن ریسٹورنٹس کی نشاندہی کریں جہاں پر عملہ بغیر کیپ کے کام کررہا ہے۔
ڈاریکٹر فوڈ اتھارٹی نے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے ٹیموں کو مختلف ایریاز میں انسپکشنز کی ہدایت بھی جاری کردی۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ٹیمز ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے مختلف فوڈ پوائنٹس/ریسٹورنٹس کی سرپرائز انسپکشن کریں، شہری خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف کاروائیوں میں ہمارا ساتھ دیں۔