لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 10 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر تیسر ی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر9 وکٹوں پر 201 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 43 گیندوں پر 76رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے آخری اوور میں 23 رنز بٹورے اور 8 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی۔اویشکا فرنینڈو 29، رائلی روسو اور چندی مل 22، 22 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان سعود شکیل 4 اور فن ایلن 12 رنز بناسکے۔شاہین شاہ آفریدی نے تین ‘سلمان مرزا اور حارث رؤف نے دو ‘دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ۔لاہور قلندرز نے 202 رنز کا ہدف ایک گیند پہلے سکندر رضا کے چوکے کی مدد سے حاصل کیا، کوشال پریرا نے 30 گیندوں پر 61 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، سکندر رضا نے 7 گیندوں پر فتح گر 22 رنز بنائے۔محمد نعیم 46‘عبداللہ شفیق 41رنز بناکرآؤٹ ہوئے ۔ لاہور قلندرز کی ٹیم تیسری بار پی ایس ایل کی فاتح بنی، اس سے قبل لاہور نے پاکستان سپر لیگ 7 اور 8 کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے قلندرز کے آصف علی اور محمد نعیم باؤنڈری لائن پر آپس میں ٹکرائے۔دونوں کھلاڑیوں کو ڈاکٹرز نے گراؤنڈ میں ہنگامی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد میچ شروع ہوا تو فیلڈنگ کے دوران آصف علی کی طبیعت خراب ہوئی جس پر انہیں ڈاکٹر میدان سے باہر لے گئے۔ آصف علی کے ان فٹ ہونے پر محمد اخلاق کو متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔پی ایس ایل فائنل میچ کے آغاز سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی شرکت کی ۔ قومی ترانے کے اختتام پر قذافی سٹیڈیم میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔ پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی قذافی سٹیڈیم پہنچے اور تقریب میں شرکت کی ۔ انہوںنے میچ بھی دیکھا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا خیر مقدم کیا۔پی ایس ایل 10 کے فائنل میچ میں پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔وقفہ کے دوران معروف گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کئے۔ شائقین کا بھرپور جوش و خروش رہا۔آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا‘ آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا دیا ۔ ہر طرف قومی پرچموں کی بہار دکھائی دی ۔ قذافی سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔پاک بحریہ کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تیاریوں کو سراہا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاک بحریہ کی بھرپور تیاریوں کے باعث دشمن ہماری سمندری حدود پر حملہ کرنے کی جرات نہ کر سکا۔زندہ قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ 10 مئی کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن ترین باب ہے۔ امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر‘ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب‘سیاسی اکابرین‘ اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صدر مملکت آصف علی زرداری بھی قذافی سٹیڈیم آئے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے استقبال کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پی ایس ایل کے اختتام پر انعامات تقسیم کئے ۔ 

.

ذریعہ

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: قذافی سٹیڈیم لاہور قلندرز محسن نقوی نے پی ایس ایل پاک بحریہ گیندوں پر ا صف علی

پڑھیں:

موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ، سڑکیں دریا بن گئیں، گھروں میں پانی داخل

لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث متعدد رہائشی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جبکہ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے، ٹریفک جام اور سیوریج نظام مفلوج ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہر میں رات گئے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کینٹ، ڈیفنس اور والٹن سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ کئی مقامات پر گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔لاہور کینٹ میں موسلادھار بارش کے باعث سیوریج سسٹم جواب دے گیا، جس سے علی ویو گارڈنز، علی پارک، نادرا آباد اور دیگر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مقامی افراد کے مطابق بیشتر علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔دوسری جانب ڈیفنس فیز تھری کے اے، بی اور سی بلاکس میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ والٹن روڈ اور کیولری گراؤنڈ میں سڑکیں مکمل طور پر زیر آب آگئیں۔ کیولری گراؤنڈ کی مرکزی شاہراہ بھی پانی میں ڈوب گئی، جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر رہی۔بارش کے بعد مین ڈیفنس روڈ پر بھی پانی جمع ہونے سے سڑک دریا کا منظر پیش کرنے لگی جبکہ ڈیفنس انڈر پاس بھی پانی سے بھر گیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو گھنٹوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مسلسل بارش کے باعث لاہور کی بیشتر شاہراہیں جل تھل ہوگئیں جبکہ روزمرہ زندگی بری طرح متاثر رہی۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، مون سون کی بارشوں کے باعث لاہور میں حبس اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔لاہور میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 262 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مناواں میں 200، تاجپور میں 151، کاہنہ میں 142، شادی پورہ میں 129 اور مغل پورہ میں 127 اور اپر مال پر 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جوہر ٹاؤن میں 80، چوک ناخدا میں 60، نشتر ٹاؤن میں 54، اقبال ٹاؤن میں 51، گلبرگ میں 49، ڈیفنس روڈ 45، سمن آباد میں 29، جیل روڈ اور پانی والا تالاب 26، لکشمی چوک اور فرخ آباد میں 24، سگیاں میں 21 اور گلشن راوی میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نکاسی آب آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب اندرون اور بیرون ملک جانے اور آنے والی پروازیں متاثر ہوگئیں۔لاہور سے کراچی، دبئی، جدہ، ابو ظہبی، استنبول جانے اور آنے والی 6 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ شدید بارش سے پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی۔ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو اپنی پروازوں کے بارے میں معلومات لیکر آنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ مضامین

  • بارشوں کے پانی نے لاہور انتظامیہ کی پول کھول دی‘ اقبال ٹاﺅن اور جوہر ٹاﺅن میں مرکزی شاہراﺅں پر شگاف پڑگئے
  • لاہور ڈی ایچ اے میں بارش کے بعد پانی بھرگیا، رابی پیرزادہ کا مریم نواز سے شکوہ
  • لاہور میں موسلا دھار بارش، سڑکیں زیر آب، معمولات زندگی متاثر
  • اسپاٹیفائی کا عاطف اسلم کو خراج تحسین، گلوکار کی عالمی مقبولیت کا معترف
  • لاہور ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ: ہا ئوسنگ سوسائٹیوں کے پارک، اسکول اور مسجد کی زمین فروخت نہیں کی جا سکتی
  • مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
  • موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ، سڑکیں دریا بن گئیں، گھروں میں پانی داخل
  • جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیرالعظیم انتقال کرگئے
  • کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ: قومی ٹیم نے دوسرے روز بنگلا دیش کو شکست دے دی
  • لاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا