راولپنڈی میں اربوں کے پراجیکٹس کا افتتاح، پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کرینگے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیرعلیٰ مریم نواز نے راولپنڈی میں نوازشریف فلائی اوور اور جی پی او / ٹی ایم انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کیے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹس جلد لانے اور پینے کے صاف پانی کے لئے پائپ لائنیں بچھانے کے پراجیکٹ تیارکرنے مری میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے اور راولپنڈی کے نالہ لئی کی تعمیر و توسیع کے پراجیکٹ کی تیاری کا بھی اعلان کیا۔ مریم نواز نے راولپنڈی نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کو ریکارڈ ٹائم مکمل کریں گے۔ پنڈی کے تمام سکولوں کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے، جلد مکمل کر لی جائے گی۔ راولپنڈی شہر کی بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹس کی خود مانیٹرنگ کررہی ہوں۔ مری سے باڑیاں پہنچنے پر پنجاب کی حدود ختم ہوتی ہے۔ تو صفائی اور انفراسٹرکچر کا واضح فرق نظر آتا ہے۔ ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے تحت صوبہ بھر میں صفائی کا اچھاکام ہو رہا ہے۔ نوازشریف فلائی اوور کی تعمیر سے پنڈی سے چکری کے سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔ پنجاب بھر میں 12ہزار کلو میٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی مثال قائم کی ہے۔ چند ہفتوں میں پنجاب بھر میں 19 ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے پراجیکٹ مکمل ہو جائیں گے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ریکارڈ مدت میں سڑکیں بن رہی ہیں، ایسے لگتا ہے کہ جیسے جنات کام کر رہے ہیں۔ 30، 30 سال سے نہ بننے والی سڑکیں بن چکی ہیں۔ پنجاب بھر میں 1250 سے زائد مراکز صحت ری ویمپ کر کے منی ہسپتال میں بدل دیا، ریکارڈ ٹائم میں ہسپتالوں کی حالت بدل چکی ہے۔ دو لاکھ گاڑیاں روزانہ گزرنے کا یہ منصوبہ سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے۔ جی پی او انڈر پاس پراجیکٹ کو ہر طرح سے فلڈ سیف بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ پنجاب میں ٹیم ورک ہمارا طرہ امتیاز بن چکا ہے۔ عاشورہ/ محرم الحرام میں پوری ٹیم نے محنت اور عقیدت سے کام کیا۔ عوام بالخصوص اہل تشیع برادری نے عاشورہ/ محرم الحرام کے انتظامات کو سراہا۔ کئی سال بعد پاکستان میں مثالی مذہبی ہم آہنگی دیکھی گئی۔ ایک دوسرے سے عقائد کا احترام کا جذبہ قابل قدر ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے راولپنڈی میں 8 ارب 77 کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹس کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ اڈیالہ روڈ نواز شریف فلائی اوور اور مال روڈ جی پی او چوک کے انڈر پاس کا باقاعدہ آغازکیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی آمد پر عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 607 کلومیٹر طویل 67 روڈز کے پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں جن میں سے51 روڈز پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے بننے والے تمام ترقیاتی منصوبے ترجیح ہیں۔ کچہری روڈ اور مال روڈ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائے گی۔ انڈرپاس اور فلائی اوور بننے سے راولپنڈی کے عوام کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔ مریم نواز نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے واسا، پی ڈی ایم اے،لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کو فیلڈ میں رہنے‘ انتظامیہ اور واسا کے افسروں کو فیلڈ میں خود نگرانی کرنے کا حکم دیا اور کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹریفک پولیس جامع پلان جاری کرے اور شہریوں کو بروقت متبادل راستوں سے آگاہ کرنے کا حکم دیا۔ بارش کا پانی کھڑا رہنے سے عوام کو ہونے والی دشواری کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کو سلام پیش کرتی ہوں۔ عبدالستار ایدھی کی زندگی سکھاتی ہے اگر جذبہ صادق ہو توایک فرد بھی انسانی خدمت کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عبدالستار ایدھی کو برسی پرخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا فخر ہیں۔ان کا نام تا قیامت زندہ رہے گا۔ عبدالستار ایدھی جیسے لوگ انسانیت کی معراج اور معاشرے کی خوبصورتی ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پینے کے صاف پانی کے عبدالستار ایدھی راولپنڈی میں مریم نواز نے کے پراجیکٹس کے پراجیکٹ نواز شریف انڈر پاس کی تعمیر جی پی او
پڑھیں:
ہسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کا حکم
لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ میں بہتری کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلی نے ہسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیا اور ہسپتالوں میں 2روز کے ا ندر ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے اور ڈاکٹر وں کو ریڈ اور بلیو کوڈ سسٹم کی ریہرسل اور ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی۔ سی ایم ہیلتھ ویجیلنس سکواڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سی ایم ہیلتھ ویجیلنس سکواڈ ہسپتال کا وزٹ کر کے وزیراعلی کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا۔ وزیراعلی نے ہر ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بچوں اور بالغ مریضوں کے لئے وینٹی لیٹر مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلی نے مرحلہ وار اضلاع میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی تعیناتی اور کیتھ لیب بنانے کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ مریم نواز نے کہا کہ کیتھ لیب پراجیکٹ کی تکمیل تک ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں کنسلٹنٹ اور ہارٹ سرجنز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ ہارٹ کنسلٹنٹ اور سرجنز ہفتے میں 2مرتبہ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں جاکر خدمات سرانجام دیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ نہیں چاہتی کہ کوئی مریض دل کے علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جان سے جائے۔ مرتے ہوئے مریضوں کو علاج کے لئے دوسرے شہر جانے کا کہنا ظلم ہے، اب ایسے نہیں ہوگا۔ وزیراعلی نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں کنسلٹنٹ اور سرجنز کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں درکار سپیشلسٹ کی فہرست طلب کرلی۔ ہسپتالوں کے ایکوپمنٹ آڈٹ، ڈیتھ آڈٹ، لیب آڈٹ، نرسنگ آڈٹ اور ریکارڈ آڈٹ کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے صفائی اور پارکنگ کی آؤٹ سورس سروسز کے باقاعدہ آڈٹ کا حکم دیا۔ ہسپتالوں میں سٹوڈنٹس نرسز کے لئے انجکشن ایس او پیز وضع اور آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ایمرجنسی اور پیڈ ز وارڈز میں ٹرینڈ اور تجربہ کار نرسز کو ڈیوٹی پر تعینات کرنے، ہسپتالوں میں موبائل فون کی بجائے رابطے کے لئے پیجر سسٹم نافذ کرنے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں دوران ڈیوٹی نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی نے ہر ضلع میں سی ای او اور ایم ایس کی تعیناتی کیلئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کو خود انٹرویو لینے، ڈسٹرکٹ کے ہر بڑے ہسپتال میں سی ٹی سکین اور ایم آر آئی مشین کی موجودگی اور فعالیت یقینی بنانے، سرکاری ہسپتالو ں میں سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم کو فعال کرنے اور باقاعدہ مانیٹرنگ کا سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتالوں کے لئے شکایات سیل میں غیر جانبدار افسر تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کمپلینٹ سیل اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سیکشن کو اشتراک کار کی ہدایت کی۔ ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کرنے کی تجاویز اورسفارشات پر غور کیا گیا۔ دستیاب میڈیسن لسٹ از سر نو مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے ہسپتال کے اندر ہی مریض کو ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور ہسپتالوں میں فری میڈیسن ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے میڈیسن سٹور روم میں میسر ادویات کی لسٹ کو ڈیلی اپ ڈیٹ کرنے اور نمایاں آویزاں کرنے کا حکم بھی دیا۔ مریم نواز نے ایمرجنسی روم کے قریب ٹراما سنٹر کے قیام اور لائف سیونگ ڈرگز یقینی بنانے کی ہدایت بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں انٹرنیشنل سٹڈی کے مطابق ہر ہسپتال میں لائف سیونگ پروٹوکول نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے تمام فیصلوں پر 3ماہ کے اندر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ 3 ماہ میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ سرکاری ہسپتالوں کا معیار بہترین نجی ہسپتالوں سے بھی بہتر بنانے کا عزم ہر صورت نبھائیں گے۔ علاوہ ازیں امن وامان کے لئے عاشورہ/ محرم الحرام پر عزاداروں کیلئے بے مثال انتظامات کئے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزراء کرام مسلسل مانیٹرنگ کیلئے متعلقہ ڈویژن میں سرگرم عمل رہے۔ انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر اداروں کا بہترین اشتراک کار بھی دیکھنے میں آیا۔ امن کمیٹیوں کے ارکان بھی بیشتر جلوس اور مجالس کے قریب موجود رہے۔ محرم الحرام میں پہلی مرتبہ فیک نیوز کے سدباب کے لیے سائبر پٹرولنگ کی گئی۔ پنجاب بھر سے اہل تشیع برادری، علماء، زائرین اور عزاداران حسین نے محرم پر مثالی انتظامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے۔ عزاداران حسین نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے ریکارڈ انتظامات ہوئے ہیں۔ خاتون زائر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلی بار بی بی پاک دامن اور اندرون شہر سکیورٹی، صفائی سمیت دیگر بہترین انتظامات کیے گئے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے 26ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر مادرِ وطن کا دفاع کیا۔ حوالدار لالک جان شہید کی جرات اور بہادری قوم کا فخر ہے۔ مریم نواز نے محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان اور بے مثال خدمت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداروں کی خدمت، امن، اتحاد اور احترام پر صوبائی وزراء، علماء کرام، پاک فوج اور رینجرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں کو شاباش بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا محرم الحرام میں امن و احترام کا جو منظر پنجاب میں قائم ہوا، وہ سب کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ مریم نواز شریف نے ضلع اٹک میں دریائے سندھ میں خطرناک حد تک طغیانی کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کومستعد اور تیار رہنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دریاؤں کے کنارے تمام حساس مقامات کی فوری طور پر جانچ کی جائے، خطرہ ہو تو عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ مریم نواز نے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں دو پاکستانی کھلاڑیوں حذیفہ ارشد اور آئینہ نوئیل کو گولڈ میڈل جیتنے کے شاندار کارنامے پر مبارکباد دی ہے۔ اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے جوہر ٹاؤن لاہور میں شیر کے حملے میں زخمی بچوں اور خاتون کیلئے پانچ، پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دینگے۔ پنجاب بھر میں غیر قانونی شیر رکھنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کر دیا ہے۔ لاہور اور گوجرانوالہ سمیت 22 مقامات پر چھاپے اور 8 غیر قانونی طور پر رکھے شیر برآمد کئے۔